چلتی ٹرک کو لگی آگ قریبی جنگل تک پہنچ گئی، فائربیگیڈ کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹلا

بیلتنگڈی : چرماڈی گھاٹ پر ہفتہ کی علی الصبح ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب مکئی سے لدا ایک ٹرک اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ یہ واقعہ صبح تقریباً 3 بجے چارمادی گھاٹ کے دوسرے ہیرپین موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرک مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا، تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جاواگل سے کنداپور کی جانب مکئی لے جانے والا ٹرک مبینہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث آگ کی زد میں آگیا۔  بتایا جاتا ہے کہ آگ سب سے پہلے ٹرک کے ٹائر سے بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک میں موجود مکئی کا پورا سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور فائر بریگیڈ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ آگ کے شعلے گھاٹ کے قریب واقع جنگلاتی علاقے تک پھیل گئے تھے، جس سے کچھ دیر کے لیے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے آگ پر قابو پا لیا گیا اور مزید نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

ٹرک میں سوار ڈرائیور اور دو دیگر افراد بروقت گاڑی سے نکل جانے کے باعث محفوظ رہے اور کسی کو سنگین چوٹ نہیں آئی۔ واقعے کے بعد کچھ وقت کے لیے چارمادی گھاٹ روڈ پر آمدورفت متاثر رہی۔

حکام نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔