بھٹکل(فکروخبرنیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور اس کے جملہ مکاتب سے امسال تقریباً 52 حفاظ کرام حفظ قرآن کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ ان کی اعزاز میں بروز بدھ بعد نمازِ عصر اور بعد نمازِ عشاء تکمیل کی ایک خوبصورت محفل جامعہ اسلامیہ کی وسیع وعریض مسجد کے احاطہ میں منعقد کی گئی جس میں نائب مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی نے حفظِ قرآن کی تکمیل کی۔ اس موقع پر ہر حافظ نے قرآن کریم کی چند آیات تلاوت کی۔
مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد مدوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفظ قران کی نعمت ایک بڑی نعمت ہے جس کی قدر کی جانی چاہیے مولانا نے قران کریم کو سمجھنے اور اس کے احکامات پر عمل کرنے کے سلسلے میں بھی مفید باتیں حاضرین کے سامنے پیش کیں ۔ مولانا جامعہ کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہ جامعہ کے قیام کے تقریبا 10 سال بعد سن 1972 میں شعبۂ حفظ کا قیام عمل میں اآیا اور الحمدللہ اس کے بعد سے مسلسل یہ شعبہ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ نائب مہتمم مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے قران کریم کو یاد رکھنے اور پھر اس کو پختہ رکھنے کے سلسلے میں طلباء کو بڑی مفید نصیحتوں سے نوازا۔
تلاوتِ کلام پاک سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں مولوی مرفاد ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے ، شکریہ کلمات مولوی مزمل ندوی نے اور نظامت کے فرائض مولوی عرفان ندوی نے انجام دیے۔ تمام حفاظ کو جامعہ اور اہلِ خیر احباب کی طرف سے انعامات سے نوازا گیا۔
مکمل پروگرام دیکھیے اس لنک پر
