کاروار(فکروخبر نیوز) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اتوار کے روز کہا کہ کاروار میں سپر اسپیشلٹی اسپتال کا قیام ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت علاقے کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اتوار کی شب کاروار کے رویندر ناتھ ٹیگور بیچ پر منعقدہ کاروالی اتسوا سے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ مقامی رکنِ اسمبلی ستیش سیل نے متعدد مرتبہ اس مسئلے کی نشاندہی کی ہے کہ کاروار اور اطراف کے علاقوں کے عوام کو جدید طبی سہولتوں کے لیے گوا، اُڈپی یا منگلورو جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور معیاری صحت کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اترا کنڑ ضلع کے عوام نے پانچ ایم ایل اے منتخب کر کے حکومت کو مضبوط کیا ہے، جس کے نتیجے میں حکومت نے اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے پانچ ضمانتوں کو نافذ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی حمایت نے ہمارے ہاتھ مضبوط کیے ہیں اور ہم اپنے وعدوں پر قائم رہیں گے۔
ڈی کے شیوکمار نے ساحلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ان کی نقل مکانی کو روکنے کے مقصد سے ایک علیحدہ سیاحتی پالیسی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 10 جنوری کو منگلورو میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد لوگوں کو ان کی دہلیز پر روزگار فراہم کرنا ہے۔
اترا کنڑ کو ایک منفرد خطہ قرار دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے مغربی گھاٹ، خوبصورت ساحلی پٹی، متنوع ثقافت، ادب، زبانوں، روایات اور قدرتی ماحول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر اس خطے کے لیے طاقت، ماہی گیروں کے لیے ذریعہ معاش اور سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتا ہے۔
