کاروار : صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ہندوستانی بحریہ کی آبدوز پر سمندری سفر کرکے ایک تاریخی نظیر قائم کی ہے۔ وہ سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے بعد آبدوز میں سفر کرنے والی دوسری ہندوستانی صدر بن گئی ہیں۔ اس اقدام کو نہ صرف دفاعی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ مسلح افواج کے ساتھ صدر کے عملی اور علامتی ربط کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
صدر مرمو نے کرناٹک کے ساحلی شہر کاروار میں واقع ہندوستانی بحریہ کے اہم اڈے آئی این ایس کدمبا سے چھٹی نسل کی جدید ترین کلوری کلاس آبدوز آئی این ایس وگھشیر کا دورہ کیا اور اس پر سمندری سفر کیا۔ آئی این ایس وگھشیر، حکومت ہند کے “میک ان انڈیا” دفاعی اقدام کے تحت تیار کی گئی جدید آبدوزوں میں شامل ہے اور ہندوستانی بحریہ کے سب سے جدید جنگی جہازوں میں شمار ہوتی ہے۔
صدر کے ہمراہ بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی اور بحریہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس دورے کے دوران صدر مرمو کو گہرے سمندر میں انجام دیے جانے والے آپریشنز، آبدوز کی تکنیکی صلاحیتوں اور مشن کے دوران درپیش پیچیدہ چیلنجز کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔ صدر نے آبدوز کے اندر مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور عملے سے تبادلۂ خیال کیا۔
آئی این ایس کدمبا بحریہ کے اڈے پر پہنچنے پر صدر جمہوریہ کا پرتپاک استقبال گورنر تھاور چند گہلوت، ماہی پروری، بندرگاہوں اور اندرونِ ملک آبی نقل و حمل کے وزیر اور ضلع انچارج وزیر منکال ویدیا نے کیا۔ اس موقع پر ریجنل کمشنر جینتی، ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا، اے ڈی جی پی ہتیندر اور بحریہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
