فکروخبر کے دیرینہ رفیق جناب نوید مصبا انتقال کرگئے

فکروخبر سے وابستہ ہمارے محترم ساتھی جناب نوید مصبا آج عشاکی اذان کے قریب اس دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔ نوید مصبا نے محض 42 سال کی عمر میں داعیِ اجل کو لبیک کہا، جو ان کے چاہنے والوں کے لیے غیر متوقع اور صدمہ خیز خبر ثابت ہوئی۔ وہ فکروخبر کے آغاز سے تقریباً نو سال تک ادارے میں خدمات انجام دیتے رہے اور اپنی محنت، دیانت داری اور خلوص کے ساتھ ادارے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
نوید مصباحؔ مرحوم نہایت خوش اخلاق، نرم دل، ملنساراور تقویٰ و پرہیزگاری کے پیکر تھے۔ ادارے میں انہوں نے خصوصاً انگلش ویب سائٹ کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ ویڈیو ایڈیٹنگ کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ “عالمِ اسلام (Islamic World)” کے نام سے خصوصی نیوز بھی پیش کیا کرتے تھے۔انہی کی محنتوں اور کاوشوں سے فکروخبر نے نیوز بلیٹن اور لائیو براڈکاسٹ میں قدم رکھا ، ان کی خاموش محنت، فنی مہارت اور ذمہ دارانہ خدمات فکروخبر کی تاریخ کا روشن حصہ رہیں گی۔
مرحوم کی وفات کی خبر سے ادارہ فکروخبر اور تمام وابستگان میں گہرے غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے ساتھی ان کی محبت، حسنِ اخلاق اور ادارہ سے گہری وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج رات 11:15 بجے تنظیم جمعہ مسجد (ملیہ) میں ادا کی جائے گی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں مقامِ عالیہ عطا فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف فرمائے اور اہلِ خانہ و پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُون

’7 سال تک جیل اور 50 ہزار کا جرمانہ‘، بی جے پی کی مخالفت کے درمیان کرناٹک اسمبلی میں ’ہیٹ اسپیچ بل‘ پاس