بھٹک(فکروخبرنیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں گزشتہ شب اور آج صبح دو نشستوں پر مشتمل الوداعیہ جلسہ منعقد ہوا، جس میں درجۂ عالمیت سے 74 طلبہ اور دارالافتاء سے 3 مفتیان کرام نے اپنی باضابطہ فراغت حاصل کی۔
الوداعیہ پروگرام کے دوران فارغ ہونے والے طلبہ اور مفتیان نے اپنے اپنے تاثرات پیش کیے۔ انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کی ابتدا، دورانِ تعلیم پیش آنے والے علمی و تربیتی مراحل، اساتذہ کی شفقت آمیز نگرانی اور ادارے کے روحانی و فکری ماحول کو نہایت دلنشیں اور پُراثر انداز میں بیان کیا۔ فارغین نے کہا کہ جامعہ کا یہ مرحلہ ان کی زندگی کا نہایت قیمتی سرمایہ ہے جس نے ان کے فکری زاویے کو نکھارا اور انہیں دینی ذمہ داریوں کا شعور عطا کیا۔
طلبہ نے اس موقع پر اپنے اساتذۂ کرام کی بے لوث محنت، شب و روز کی رہنمائی اور علمی اخلاص کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اساتذہ نے نہ صرف کتابی علم سے آراستہ کیا بلکہ عملی زندگی کے لیے بھی تیار کیا۔ ساتھ ہی والدین کی قربانیوں، دعاؤں اور مسلسل حوصلہ افزائی پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا، جن کی بدولت وہ اس مقام تک پہنچ سکے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ اپنی صلاحیتوں کو امت کی صحیح رہنمائی اور شریعت کی خدمت کے لیے وقف کریں گے۔
جلسے کے دوران شرکاء نے فارغین کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں علمِ نافع، عملِ صالح اور اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ یہ دونوں نشستیں فکروخبر ٹی وی پر لائیو نشر کی گئیں اس لنک کے ذریعہ آپ بھی پورا پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔
اس موقع پر ابناء جامعہ منطقہ شرقیہ کی جانب سے سابق مہتمم جامعہ مولانا عبدالباری فکردے ندوی رحمہ اللہ کی طرف منسوب 1446 تعلیمی سال کا مولانا عبدالباری تعلیمی ایوارڈ مولوی عبدالمقسط بن إبراہیم کھومی کو نوازا گیا۔





