بھٹکل(فکروخبرنیوز) مسجد بلال جمعہ مسجد (موگلی ہونڈا) میں فجر کے بعد جاری مولانا عبدالواسع پیشمام ندوی کے درسِ قرآن کی تکمیل کا پروگرام جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ اس موقع پر امام و خطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے درس کے آخری حصے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے سورہ فلق اور سورہ ناس کی تفسیر بیان کی۔
اس بابرکت نشست میں موگلی ہونڈا کے عوام کے ساتھ ساتھ اطراف کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور قرآن فہمی کی اس محفل سے استفادہ کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ مولانا عبدالواسع ندوی نے مسلسل پانچ برس تک فجر کے بعد درسِ قرآن جاری رکھا اور بڑی محنت و توجہ کے ساتھ قرآن کریم کی تعلیمات عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرآن سے مضبوط تعلق قائم رکھیں، اس کی تعلیمات کو زندگی میں نافذ کریں اور درسِ قرآن میں باقاعدگی سے شریک ہوکر اپنی روحانی تربیت کرتے رہیں۔
پروگرام کے اختتام پر دعا کی گئی اور شرکاء نے مولانا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔




