کاپ، 6 دسمبر: شہر میں پیش آنے والی ایک افسوسناک واردات نے گھر کی حفاظت سے متعلق شہریوں کی غفلت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ میٹر باکس میں گھر کی چابی چھپا کر رکھنے کی غیر ذمہ دارانہ عادت نے چوروں کو نہایت آسانی کے ساتھ گھر میں داخلے کا موقع فراہم کیا، جس کے نتیجے میں اہلِ خانہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
واقعہ 4 دسمبر کو اس وقت پیش آیا جب راگھویندر کنی صبح گھر سے کام پر روانہ ہوئے، جبکہ ان کی اہلیہ اپنے بچوں کے اسکول کے سالانہ پروگرام میں شرکت کے لیے گئیں۔ رات تقریباً 1:10 بجے جب دونوں گھر واپس پہنچے تو دروازہ کھلا ملا اور گھر میں واضح طور پر چوری ہو چکی تھی۔ چوروں نے میٹر باکس میں رکھی چابی سے مرکزی دروازہ کھولا، بیڈ روم کی الماری توڑی اور تقریباً 72 گرام سونے کے زیورات اور 1500 روپے مالیت کی چاندی کی اشیاء لے کر رفوچکر ہوگئے۔
چوری شدہ سامان میں سونے کا ہار، ہیرے جڑی چین، مختلف چینیں، بالیاں، تین انگوٹھیاں، اور دیگر قیمتی زیورات شامل ہیں۔ کاپ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔




