بھٹکل، 27 نومبر 2025: شہرِ کے مرکز القرآن للجمیع (قرآن سب کے لیے) زیرِ اہتمام جاری "قرآن سب کے لیے — Quran for All” روزانہ کوئز مقابلہ نے عوام میں غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ قرآن فہمی کو عام کرنے کے مقصد سے منعقدہ یہ مقابلہ روزانہ ہزاروں افراد کی دلچسپی اور بھرپور شرکت کے ساتھ جاری ہے۔
گزشتہ روز "دل کو پڑھو — سورۃ یٰسین انٹرنیشنل کوئز مقابلہ” خصوصی طور پر منعقد کیا گیا، ۔ مقابلے میں صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ متعدد بیرونی ممالک کے شرکاء نے حصہ لیا، اور مجموعی تعداد تقریباً 4000 تک پہنچ گئی۔
دو زبانوں— اردو اور انگلش — میں سوالات پیش کیے گئے، جس سے مختلف ممالک کے لوگوں کے لیے شرکت آسان ہوگئی۔ شرکاء نے اس دو لسانی طرز کو بے حد سراہا اور اسے قرآن سے جوڑنے کا ایک موثر اور قابلِ تقلید قدم قرار دیا۔
شرکاء نے اپنے تاثرات میں بتایا کہ مقابلے کی پیشکش نہایت سادہ، دل کو چھو لینے والی اور فکر کو جگا دینے والی تھی۔ بہت سے لوگوں نے لکھا کہ اس پروگرام نے ان میں قرآن پڑھنے اور سمجھنے کی نئی تڑپ پیدا کر دی ہے۔
آج تقسیمِ انعامات کی نشست بھی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں ممتاز شرکاء کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور صحیح جوابات دینے والوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
"قرآن سب کے لیے” کا روزانہ کوئز مقابلہ مسلسل جاری ہے، جہاں ہر دن نئے سوالات، نئے انعامات اور قرآن سے قریب ہونے کا نیا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خود بھی اس بابرکت سلسلے کا حصہ بنیں اور اپنے گھر والوں، دوستوں اور متعلقین کو بھی اس نیکی میں شریک کریں۔




