(فکروخبر نیوز) مڈگاؤں ریلوے اسٹیشن پر اتوار 23 نومبر کی شام ایک خوفناک حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک مسافر چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش میں پھسل کر ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان گرنے ہی والا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ شام قریب 7 بجے اس وقت پیش آیا جب ٹرین نمبر 20112 ‘کونکن کنیا ایکسپریس’ پلیٹ فارم نمبر 1 سے روانہ ہو رہی تھی۔ اسی دوران مسافر نے جلد بازی میں چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش کی اور اچانک اپنا توازن کھو بیٹھا۔
پلیٹ فارم پر ڈیوٹی انجام دے رہے آر پی ایف کانسٹیبل کپل سینی اور ہیڈ کانسٹیبل آر ایس بھائی نے صورتحال دیکھتے ہی فوری کارروائی کی اور جان کی پرواہ کیے بغیر ٹرین کی رفتار کے ساتھ دوڑتے ہوئے مسافر کو کھینچ کر محفوظ مقام پر لے آئے۔ دونوں اہلکاروں کی حاضر دماغی اور بہادری نے ایک بڑے سانحے کو رونما ہونے سے بچا لیا۔
واقعے کے بعد کونکن ریلوے کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر سنتوش کمار جھا نے دونوں آر پی ایف اہلکاروں کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ مسافر نے بھی اپنی جان بچانے پر اہلکاروں کا دلی شکریہ ادا کیا۔
ریلوے حکام نے اس موقع پر مسافروں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر چلتی ٹرین میں سوار ہونے یا اترنے کی کوشش نہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام لوگ ریلوے کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔




