چکمنگلور(فکروخبرنیوز) چکمنگلور کے ماؤنٹین ویو کالج میں آج دوپہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب دوپہر کے کھانے کے وقفہ کے دوران ایک طالب علم کی لاپرواہی نے 25 سے زائد طلبہ کی جان خطرے میں ڈال دی۔
اطلاعات کے مطابق ایک طالب علم نے کالج احاطے میں موجود شہد کی مکھیوں کے چھتے پر پتھر پھینکا جس کے نتیجے میں مکھیوں نے غصے میں آکر اطراف میں موجود طلبہ پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں علیمہ تاج نامی طالبہ شدید زخمی ہوگئیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ انہیں فوری طور پر مزید بہتر علاج کے لیے ہاسن کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دیگر زخمی طلبہ کا علاج ملے گوڑا جنرل اسپتال، چکمنگلور میں جاری ہے جہاں ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ زیادہ تر طلبہ کو معمولی زخم آئے ہیں اور ان کی حالت قابو میں ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی والدین اسپتال پہنچ گئے اور کالج انتظامیہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ والدین کا کہنا ہے کہ کالج کی غفلت اور حفاظتی اقدامات کی کمی کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے واقعہ کی تحقیق شروع کر دی ہے۔
(حقیقت ٹائمز وفیروز نشیمن کے شکریہ کے ساتھ)




