بھٹکل (فکرو خبر نیوز)بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (BMYF) کی جانب سے آمنہ پیلس، انفال ہائیپر مارکیٹ میں ایک خصوصی اسپورٹس کانفرنس بروز جمعرات 13 نومبر 2025 کو شام 8:30 بجے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں فیڈریشن اور بھٹکل کے مضافاتی علاقوں کی ٹیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
کانفرنس میں مقررین نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل صرف جسمانی سرگرمی کا نام نہیں بلکہ ڈسپلن، تعاون، باہمی احترام، انصاف، دیانتداری اور سچائی جیسے اعلیٰ انسانی اصولوں کا مجموعہ ہے۔
ذمہ داران نے اس بات پر زور دیا کہ کھلاڑیوں کو میدان میں نہ صرف اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہے بلکہ ایک دوسرے کا خیال رکھنا، ٹیم اسپرٹ کے ساتھ کھیل پیش کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ پروگرام میں نوجوانوں کی ذہنی مضبوطی، اسپورٹس مین اسپرٹ اور مثبت طرزِ فکر کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
کانفرنس میں اسپورٹس سرگرمیوں کو منظم اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے فیڈریشن کی آئندہ منصوبہ بندی پر گفتگو ہوئی۔
امپائر کے فیصلوں کو تسلیم کرنے اور کھیل جو کھیل کی حد تک رکھنے اور اس کے ذریعہ باہمی اتحاد و اتفاق کو قائم رکھنے پر زور دیا گیا۔
پروگرام کا آغاز فیڈریشن کے سیکریٹری مولوی ایاد احمد ایس ایم ندوی کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا۔ فیڈریشن کے صدر مولوی وصی اللہ ڈی ایف نے مجلس کے آداب بیان کیے۔ جنرل سیکریٹری جناب مبشر ہلارے نے پروگرام کے غرض و غایت اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں مختلف ٹیموں کی طرف پیش کردہ آراء پر گفتگو کی اور فیڈرل کونسل میں بحث کے بعد کسی ایک نتیجہ پر پہنچنے اور تمام ٹیموں کو اس سے مطلع کرنے کی بات کہی۔
پروگرام دعا پر اختتام پذیر ہوا۔




