بھٹکل(فکروخبرنیوز) پچاس فیصدی آفر ، وقت سے پہلے ادائیگی پراصل قیمت پر کئی فیصد چھوٹ اور اس طرح کی باتیں کہہ کر سینکڑوں افراد کو جھانسہ دینے والے تین افراد کو بھٹکل پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ تینوں کو منگلور سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کا تعلق تمل ناڈو سے ہے۔ ملزمین کی شناخت بالاجی عرف گنیشن، تیاگ راجن، اور میانتھن عرف راجیش کے طور پر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کار اسٹریٹ پر واقع اپنی دکان گلوبل انٹرپرائزس میں کم قیمت پر بہترین سامان فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر پیشگی انہوں نے لاکھوں روپیے سینکڑوں افراد سے حاصل کیے تھے۔ 28 اکتوبر سے پہلے معاملہ طئے کرنے والوں کو انہیں نے انہوں نے سامان فراہم کیا اور اس کے بعد بقیہ کو 5 نومبر کی تاریخ دی ۔ جیسے ہی مذکورہ تاریخ کو اپنا سامان حاصل کرنے کے لیے گاہک پہنچے تو دکان بند تھی، آناً فانآ بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگیے اور مالکان سے رابطہ کرنے کی کوشش کرنے لگے۔ بڑی کوششوں کے بعد جب رابطہ نہیں ہوسکا تو گاہکوں کو معلوم ہوا کہ دکان کے مالک فرار ہوگیے۔ مشتعل عوام دکان میں گھس کر وہاں موجود فرنیچر کا سامان اپنے ساتھ اٹھالے گیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہیں کاروار عدالت میں پیش کرکے پولیس کسٹڈی میں لیا جائے گا اور بعد میں بھٹکل لاکر ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اس معاملے میں مزید چار افراد کی تلاش میں ہے، اور ان کی گرفتاری کے لیے اپنا جال بچھادیا ہے۔ اب تک تقریباً 240 افراد نے ان کے خلاف دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ 28 اکتوبر سے پہلے جن گاہکوں نے گلوبل انٹرپرائزس سے سامان خریدا تھا، انہیں ان کا مال مل چکا ہے، لیکن 28 اکتوبر کے بعد جنہوں نے پیشگی رقم ادا کی تھی، ان کی رقم لے کر دکان مالکان فرار ہوگئے تھے۔
پولیس نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ جو سامان دکان سے لے کر گیے ہیں وہ فوری طور پر پولیس تھانہ میں جمع کرائیں۔ اطراف کی دکانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ان کی تصاویر ریکارڈ ہوچکی ہیں ، سامان واپس نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔




