دہلی کار بم دھماکہ، جان گنوانے والے 5 افراد کی شناخت

قومی دارالحکومت دہلی کے لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر 1 کے قریب پیر کی رات اچانک ایک کار میں زوردار دھماکہ ہوا جس سے پورے علاقے میں دہشت اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ اور دھوئیں کے بادلوں نے فضا کو گھیر لیا۔ فوری طور پر ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ایل این جے پی اسپتال منتقل کیا گیا۔ این آئی اے اور این ایس جی سمیت متعدد سیکورٹی ایجنسیوں نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے رات گئے اسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں اب تک 9 افراد کی موت اور 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں پانچ افراد کا تعلق اتر پردیش سے بتایا جا رہا ہے۔
امروہہ (Amroha) کے دو رہائشی جان کی بازی ہار گئے
امروہہ کے حسن پور علاقے کے منگرول گاؤں کے اشوک (35) جو دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں کنٹریکٹ کنڈکٹر تھے، اور کھاد کے تاجر لوکیش اگروال (52) دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔ دہلی پولیس نے جائے وقوعہ سے ملنے والے کاغذات اور گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی۔ دونوں کی لاشیں آبائی گاؤں لائی گئیں جہاں فضا سوگوار رہی۔
شاملی (Shamli) کے نوجوان نعمان کی موت
شاملی کے جھنجھنا قصبے کے رہائشی نعمان (22) کی بھی اس دھماکے میں موت ہوگئی جبکہ ان کا بھائی امان شدید زخمی ہوا۔ دونوں بھائی دہلی کاسمیٹکس سامان خریدنے گئے تھے۔ نعمان کی موت کی خبر سے پورا علاقہ غم میں ڈوب گیا۔
میرٹھ (Meerut) کے محسن بھی جاں بحق
میرٹھ کے لوہیا نگر تھانہ علاقے کے محسن، جو دہلی میں ای رکشہ چلاتے تھے، بھی دھماکے میں لقمہ اجل بن گئے۔ ان کی میت منگل کو میرٹھ پہنچائی گئی تو گھر میں کہرام مچ گیا۔ محسن کے والد رفیق نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے چھ بچے ہیں اور وہ گزشتہ دو سال سے دہلی میں مقیم تھے۔
شراوستی (Shrawasti) کے دنیش کی موت
شراوستی کے ایکونا تھانہ علاقے کے رہائشی دنیش کمار (32)، جو دہلی میں پرنٹنگ پریس میں کام کرتے تھے، کی بھی موت ہوئی۔ دنیش کے والد بھورے مشرا نے بتایا کہ ان کا بیٹا دیوالی کے بعد ایک ہفتہ قبل دہلی واپس گیا تھا۔ دنیش کے تین کمسن بچے یتیم رہ گئے ہیں۔
پولیس نے متاثرہ خاندانوں کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ تفتیشی ایجنسیاں دھماکے کی وجوہات جاننے، کار کی ملکیت اور ممکنہ سازش کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

"دہلی دھماکوں کے مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا” بھوٹان سے وزیراعظم مودی نے جاری کیا بیان

لال قلعہ کار بلاسٹ: پلوامہ کا ڈاکٹر چلا رہا تھا گاڑی، دھماکے میں امونیم نائٹریٹ اور ڈیٹونیٹر کا استعمال