بھٹکل (فکروخبرنیوز) ابناء جامعہ تینگن گنڈی یونٹ (مجلس علماء تینگن گنڈی) کی جانب سے بروز جمعہ بعد عصر سے سنیچر اشراق تک ہائی اسکول کے طلبہ کے لیے نصف روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں اسلام کی بنیادی معلومات فراہم کرتے ہوئے عملی مشق بھی کرائی گئی۔
طلبہ بعد عصر جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد پہنچ گیے اور سنیچر کی صبح اشراق کے بعد اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گیے۔ اس دوران علماء کرام نے مختلف سیشنز کے ذریعہ انہیں اسلام کی بہت سی معلومات فراہم کیں اور بتایا کہ اسلام ہی پر عمل کرنے میں دونوں جہاں کی کامیابی مضمر ہے۔
طلبہ کو وضو اور نماز کی عملی مشق کراتے ہوئے انہیں سمجھایا گیا کہ اسلام کے ہر رکن پر عمل کرنے سے پہلے انہیں سیکھنا چاہیے اور علماء سے پوچھنے کے بعد ہی کسی مسئلہ پر عمل کرنا چاہیے۔ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان پر بھی طلبہ کے درمیان دلچسپ مقابلے کیے گیے جس پر طلبہ نے اپنی دینی بیداری کا ثبوت پیش کیا اور حیرت انگیز کامیابی درج کی۔
اسلام کے بنیادی عقائد کے تعلق سے بھی ان کی رہنمائی کرتے ہوئے بتایاگیا کہ اسلام کے کسی بھی رکن کے متعلق ذرا سا بھی شک و شبہ انسان کو دائرہ ٔ اسلام سے خارج کردیتا ہے۔ ان کے ذہن میں یہ بات بٹھانے کی کوشش کی گئی کہ صرف مسلمانوں جیسا نام رکھنے سے انسان مسلمان کی فہرست میں شامل نہیں ہوتا بلکہ اسلام کے احکامات پر عمل کرنے پر بھی ہی حقیقی مسلمان تصور کیا جائے گا۔
طلبہ کو اس دوران کھانے پینے اور سونے کے آداب بھی بتائے گیے اور تادمِ زندگی اس پر عمل کرنے کی نصیحت کی گئی۔
اس موقع پر سرپرست مولانا اسحاق ڈانگی ندوی ، صدر مولاناعتیق الرحمن ڈانگی ندوی ، جنرل سکریٹری مولانا عبدالمتین ابو ندوی اور دیگر علماء کرام میں مولانا شفیق الرحمن ڈانگی ندوی ، مولانا شاہد ڈانگی ندوی ، مولانا اسماعیل ڈانگی ندوی ، مولانا فضل اللہ مرجیکر ندوی ، مولانا طفیل دمکار ندوی ، مولانا عبدالخالق فراش ندوی ، مولانا صائم مڑیا ندوی ، مولانا عبدالعظیم اکبر ندوی ، مولانا طلحہ علاؤ جامعی ، مولانا حسن اسپو جامعی ، مولانا عبیداللہ فراش ندوی ، مولانا عبدالعلیم ابو ندوی ، مولانا معین اللہ بنگالی ندوی ، اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے استاد ماسٹر سیان ابو ، استاد مدرسہ دار التعلیم والتربیہ جناب اقبال بنگالی ، ہائی اسکول جامعہ جالی کے استاد ماسٹر امجد اور دیگر موجود تھے۔
واضح رہے کہ مختصر سی دعوت پر تقریباً 65 طلبہ حاضر رہے اور تقریباً پچاس سے زائد طلبہ نے رات میں مسجد میں قیام کیا۔ اخیر میں ممتاز طلبہ کے درمیان انعامات تقسیم کیے گیے۔




