بھٹکل نیوز ڈاٹ کام 9 نومبر 2025 کو آمینہ پیلیس میں عالمی کرنسی، نایاب اسٹامپس اور تاریخی سکّوں کی ایک روزہ نمائش منعقد کر رہا ہے۔ یہ پروگرام عوام، طلبہ اور محققین کے لیے معلوماتی اور تحقیقی نوعیت کا ہوگا۔
بھٹکل (Bhatkal) میں 9 نومبر 2025، بروز اتوار کو بھٹکل نیوز ڈاٹ کام کی جانب سے ایک منفرد اور تاریخی نوعیت کی نمائش رکھی گئی ہے۔ یہ پروگرام آمینہ پیلیس میں صبح ساڑھے دس بجے سے رات تک جاری رہے گا، جس میں مختلف ممالک کی نایاب کرنسیاں، اسٹامپس اور قدیم سکّے نمایش کیے جائیں گے۔
نمائش کا مقصد عوام، بالخصوص مدارس، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو دنیا کی کرنسیوں، ڈاک ٹکٹوں اور سکّوں کی تاریخی و ثقافتی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ اس موقع پر آنے والے زائرین کو عالمی مالیاتی نظام، کرنسیوں کی ترقی اور اقتصادی تاریخ کے بارے میں علوم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
نمائش میں پیش کیا جانے والا قیمتی ذخیرہ جناب حسن غفران دامدا ابو صاحب کی برسوں کی محنت و تحقیق کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک کی نایاب کرنسیاں اور اسٹامپس جمع کر کے تحقیق کا شاندار ذخیرہ تیار کیا ہے، جو اب عوام کے سامنے پہلی بار پیش کیا جا رہا ہے۔
انعامی کوئز مقابلہ
پروگرام کے دوران طلبہ اور عوام کے لیے ایک معلوماتی کوئز مقابلہ بھی رکھا گیا ہے۔ جو شرکاء صحیح جوابات دیں گے انہیں دلچسپ انعامات سے نوازا جائے گا، تاکہ علمی و تحقیقی ذوق میں اضافہ ہو۔
بھٹکل نیوز ڈاٹ کام کی جانب سے تمام اہلِ بھٹکل اور اطراف کے عوام کو اس منفرد پروگرام میں شرکت کی صمیم دل سے دعوت دی گئی ہے۔




