بنگلورو (فکروخبر نیوز) ٹریفک پولیس کو چکمہ دینے کی انوکھی کوشش میں بنگلورو کے ایک بائیکر نے ہیلمٹ کے بجائے سر پر کڑاہی پہن لی۔ یہ منظر کسی نے کیمرے میں قید کر لیا اور چند ہی لمحوں میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
واقعہ روپینا اگرہارا کے قریب پیش آیا، جہاں بائیکر نے مبینہ طور پر ٹریفک جرمانے سے بچنے کے لیے اپنے سر پر کڑاہی باندھی ہوئی تھی۔ راہگیر اور دوسرے سوار اس منظر کو دیکھ کر ہنسنے لگے، جب کہ ٹریفک پولیس بھی کچھ دیر کے لیے حیران رہ گئی۔ بائیکر اعتماد کے ساتھ گاڑی چلاتا رہا، جیسے واقعی کوئی ہیلمٹ پہنا ہو۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد جہاں کئی صارفین نے اس حرکت پر قہقہے لگائے، وہیں کئی نے اسے خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’کڑاہی باورچی خانے میں اچھی لگتی ہے، سڑک پر نہیں‘‘۔
اس واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کرناٹک پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر پیغام جاری کیا کہ تمام بائیک سواروں سے گزارش ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ جرمانے سے بچنے کے لیے اس طرح کے ‘جوگاڑ’ خطرناک اور ناقابلِ قبول ہیں۔ ہیلمٹ صرف قانون نہیں بلکہ زندگی کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔ بنگلورو کی ٹریفک سخت ضرور ہے، لیکن آپ کا سر اس سے زیادہ نازک ہے۔ محتاط رہیں، محفوظ رہیں۔




