منگلورو میں نوپارکنگ کے خلاف پولیس کی کارروائی، تین ماہ میں تقریباً 35 لاکھ روپے جرمانہ وصول

منگلورو(فکروخبرنیوز)  منگلورو شہر میں ٹریفک قوانین لاگو کرنے اورنو پارکنگ سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے منگلورو سٹی پولیس نے گزشتہ تین مہینوں کے دوران خصوصی کارروائی کی ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم اینڈ ٹریفک) کے روی شنکر نے جمعہ کو میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے کہا کہ ان مہمات کے دوران نو پارکنگ، غلط پارکنگ، ڈبل پارکنگ اور فٹ پاتھ پارکنگ جیسی خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 4,793  مقدمات درج کیے گئے اور 23 لاکھ 21 ہزار 200 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

ڈی سی پی روی شنکر کے مطابق کئی تجارتی مراکز اور بڑے کاروباری اداروں کو بھی ٹریفک کی بھیڑ کا سبب بننے پر متنبہ کیا گیا اور انہیں پارکنگ کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عوامی آمدورفت متاثر نہ ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سڑک حادثات میں کمی کے لیے شہر کے مختلف حادثہ خیز مقامات (بلیک اسپاٹ) کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں تیز رفتاری سے چلنے والی گاڑیوں کے خلاف 562 مقدمات درج کیے گئے اور 5 لاکھ 62 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس کے علاوہ گاڑیوں میں رنگین یا کالے شیشوں کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ اس ضمن میں 5,865 مقدمات درج کر کے 24 لاکھ 85 ہزار 900 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ پولیس نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق گاڑیوں سے تمام کالی فلمیں اور رنگین اسٹیکرز ہٹا دیے۔

ڈی سی پی روی شنکر نے کہا کہ روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے اور ٹریفک کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

اردو دنیا کی سب سے خوبصورت زبان، ہندو مسلم ہم آہنگی ملک کی ترقی کی ضامن: کرن رجیجو

جماعتِ اسلامی ہند اور اے پی سی آر کا جمہوری و عدالتی بحران پر اظہارِ تشویش