بنگلورو میں اپنی نوعیت کی انوکھی بین الاقوامی سیرت نمائش : نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے آئینے میں پیش کرنے کا روح پرور تجربہ ، عوام کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی

بنگلورو (فکروخبر نیوز) عیدگاہ اکبری کے قریب بی ڈی اے پلے گراؤنڈ میں ان دنوں ایک منفرد اور ایمان افروزماحول ہے جہاں بین الاقوامی سیرت نمائش کے عنوان سے نبی کریم ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے نہایت خوبصورتی سے پیش کیا جا رہا ہے۔

یہ نمائش اکبری مسجد کمیٹی کے زیر اہتمام جاری ہے جس کے ذمہ دار مولانا خالد بیگ ندوی ہیں۔ نمائش 24 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گی اور اس میں داخلہ بالکل مفت ہے۔ جس کا مقصد "دلوں کو پیغمبر ﷺ کی میراث سے جوڑنا” ہے۔

نمائش میں داخل ہوتے ہی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وقت پیچھے پلٹ گیا ہو۔ ناظرین کو ایک لائف سائز مکہ ماڈل کے سامنے کھڑے ہونے کا موقع ملتا ہے، جس میں حضرت ابراہیمؑ کے دور کا منظر جدید ایل ای ڈی لائٹس اور صحرائی آوازوں کے ساتھ دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے۔
یہاں 3D ماڈلز، ورچوئل رئیلٹی (VR) ٹورز، اور انٹرایکٹو ٹچ اسکرینز کے ذریعے نبی ﷺ کی سیرت کے مختلف ادوار کو نہایت دلنشین انداز میں پیش کیا گیا ہے  چاہے وہ غارِ حراء کی تنہائی ہو یا مدینہ کی بستی میں مسجدِ نبوی کی تعمیر

نمائش کا افتتاح کرناٹک کے وزراء بی زیڈ ضمیر احمد خان اور رحیم خان نے کیا جبکہ ایم ایل اے حارث اور چیف منسٹر کے پولیٹیکل سکریٹری نصیر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نمائش میں بنگلورو کے علماء اور قائدین کے ساتھ ناظم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا سید بلال حسنی ندوی ، مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے بانی مولانا محمد الیاس ندوی ، فکروخبرکے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم ندوی اور دیگرقابلِ ذکر ہیں۔
منتظمین کے مطابق میدان کے سیٹ اپ اور سیکیورٹی کا قبل از وقت جائزہ لیا گیا تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔

یہ نمائش ایک ’’ لائیو میوزیم‘‘ کی صورت اختیار کر چکی ہے، جہاں زائرین تقریباً تین گھنٹے کے سفر میں نبی کریم ﷺ کی پوری زندگی کو جدید انداز میں دیکھ اور محسوس کر سکتے ہیں۔
VR ماڈیولز کے ذریعے مکہ کی گلیوں اور مدینہ کی فضا کا روحانی احساس جگایا گیا ہے۔
نوجوانوں کے لیے “سنت اسٹیشنز” بنائے گئے ہیں جو عملی زندگی میں نبی ﷺ کی عادات جیسے مسکرانا، سلام کرنا اور دوسروں کے ساتھ نرمی سے پیش آنا سکھاتے ہیں۔

360 ڈگری VR ویوز، صوتی اثرات، اور انٹرایکٹو کوئزز کے ذریعے سیرت النبی ﷺ کو نئی نسل کے لیے قابلِ فہم اور پرکشش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ایک زائر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ "یہ ٹائم مشین میں سفر کرنے جیسا ہے — بس فرق یہ ہے کہ یہاں Wi-Fi بھی ہے!”

نمائش میں روزانہ ہزاروں افراد شرکت کر رہے ہیں۔ بچوں کے لیے کوئزز اور انعامات، خواتین کے لیے علیحدہ انتظامات، اور نماز کی سہولت کے ساتھ ساتھ علما کی مختصر تقاریر بھی ہو رہی ہیں جن میں نبی کریم ﷺ کی قیادت، رحمت اور اخلاقِ حسنہ پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر #Seerah2025 اور #BangaloreEvents جیسے ہیش ٹیگز کے تحت زائرین کی تصاویر، ویڈیوز اور تاثرات وائرل ہو رہے ہیں۔

دہلی فسادات کیس : سپریم کورٹ کی دہلی پولس کو سخت سرزنش ،کہا پانچ سال گزرگئے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 31 اکتوبرکو اگلی سماعت

منگلورو: انڈین کوسٹ گارڈ کا کامیاب آپریشن ، سمندر میں 11 دن تک پھنسے 31 ماہی گیر بحفاظت بچالیے گیے