ڈھاکہ ایئرپورٹ میں خوفناک آگ ، پروازیں عارضی طور پر معطل

ڈھاکہ (فکروخبرنیوز) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں واقع حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو ایریا میں ہفتہ کی سہ پہر اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ایئرپورٹ حکام نے تمام پروازوں کو احتیاطی طور پر عارضی طور پر معطل کر دیا۔

ایئرلائن بیمان بنگلہ دیش کے ترجمان کوثر محمود کے مطابق یہ واقعہ دوپہر تقریباً 2 بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ایئر فورس کے فائر یونٹ اور سول ڈیفنس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔

فائر سروس کے مطابق آگ گیٹ نمبر 8 کے قریب واقع کارگو گاؤں کے علاقے میں لگی، جس کے نتیجے میں شعلے بلند ہو گئے اور کالے دھوئیں کے بادلوں نے قریبی فضا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم حکام نے تصدیق کی کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے واقعے کے بعد ہوائی اڈے کے بعض حصوں میں افراتفری پھیل گئی، مسافروں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ فائر بریگیڈ کے چار یونٹوں نے ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

ایئرپورٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایس ایم راغب صمد نے سرکاری خبر رساں ایجنسی BSS  سے گفتگو میں بتایا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے، اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خطرہ نہ رہے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق، آگ لگنے کی حقیقی وجوہات کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا، تاہم ابتدائی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کارگو گودام میں موجود برقی آلات یا پیکنگ میٹریل سے آگ بھڑکی ہوگی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی کہ حفاظتی اقدامات کے تحت پروازوں کی آمد و روانگی عارضی طور پر روک دی گئی تھی، جو شام کے وقت بحال کر دی گئیں۔ بتایا جارہا ہے کارگو سیکشن میں بھاری نقصان ہوا ہے، جس میں قیمتی درآمدی سامان بھی متاثر ہوا۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ساحلی کرناٹک میں سڑکوں کی خستہ حالی پر عوامی مفاد عرضی

بھٹکل کی قریبی علاقے شیرور میں سڑک حادثہ، رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق