سفر کی تاریخ بدلنے میں پیش آنے والی مشکلات اور مالی نقصان سے اب ریلوے مسافروں کو بڑی راحت ملنے والی ہے۔ بھارتی ریلوے نے ایک نئی اور مسافر دوست پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب مسافر اپنی کنفرم ٹرین ٹکٹ کی تاریخ آن لائن تبدیل کر سکیں گے — وہ بھی بغیر کسی اضافی فیس کے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے اشوِنی ویشنَو نے این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ یہ سہولت جنوری 2026 سے نافذ کی جائے گی، تاکہ مسافروں کو سفر کے منصوبے میں غیر متوقع تبدیلیوں کی صورت میں آسانی ہو۔
اب منسوخی نہیں، صرف تاریخ میں تبدیلی
اب تک مسافروں کو سفر کی تاریخ بدلنے کے لیے پرانی ٹکٹ منسوخ کر کے نئی بکنگ کرنی پڑتی تھی۔
مگر نئی پالیسی کے بعد یہ جھنجھٹ ختم ہو جائے گا۔ مسافر صرف تاریخ تبدیل کرنے کا آپشن منتخب کر کے نئی تاریخ چُن سکیں گے۔
وزیرِ ریلوے نے اس عمل کو "مسافروں کے مفاد میں ایک اہم اصلاح” قرار دیتے ہوئے کہا:
“موجودہ نظام غیر منصفانہ تھا۔ تاریخ بدلنے کے لیے مسافروں سے بھاری کٹوتیاں لی جاتی تھیں۔ یہ تبدیلی عوامی مفاد میں ایک بڑا قدم ہے۔”
نئی تاریخ پر کنفرم سیٹ کی کوئی گارنٹی نہیں
البتہ وزیر نے واضح کیا کہ نئی تاریخ پر کنفرم نشست کا دار و مدار سیٹ کی دستیابی پر ہوگا۔
اگر نئی تاریخ پر کرایہ زیادہ ہوا تو مسافر کو صرف فرق کی رقم ادا کرنی ہوگی، جبکہ اگر کرایہ کم ہوا تو ریلوے اس فرق کی واپسی پر غور کر رہا ہے۔
موجودہ نظام میں کتنی کٹوتی ہوتی ہے؟
ریلوے کے موجودہ قوانین کے مطابق:اگر کنفرم ٹکٹ 48 سے 12 گھنٹے پہلے منسوخ کی جائے تو 25 فیصد کرایہ کٹوتی ہوتی ہے۔
12 سے 4 گھنٹے کے درمیان منسوخی پر فیس مزید بڑھ جاتی ہے۔
اور چارٹ تیار ہونے کے بعد منسوخی پر عملاً کوئی ریفنڈ نہیں ملتا۔
مسافروں کے لیے ریلیف کا نیا دور
ریلوے کے مطابق، یہ قدم خاص طور پر ان لاکھوں مسافروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا جو کسی مجبوری، موسم یا دیگر حالات کی وجہ سے اپنا سفر مؤخر کرنا چاہتے ہیں۔
ریلوے کے اندرونی ذرائع کے مطابق، اس نظام کو آئی آر سی ٹی سی (IRCTC) کے آن لائن پلیٹ فارم میں ڈیجیٹل انٹیگریشن کے بعد مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔




