بھٹکل(فکروخبرنیوز) انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر ایپلیکیشن (AIMCA) میں آج ہیلمیٹ کے استعمال کو فروغ دینے اور ٹریفک قانون کی پاسداری کی اہمیت کو طلبہ کے سامنے بیان کرنے کی غرض سے ایک خصوصی پروگرا منعقد کیا گیا۔
یہ پروگرام انجمن حامی المسلمین، مجلس اصلاح و تنظیم، اور اتراکنڑ ضلع پولیس کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی بھٹکل کے تحصیلدار ناگراج کول شیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سڑک حادثات میں زیادہ تر اموات ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خود بھی ہیلمٹ پہنیں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔
سی پی آئی بھٹکل ٹاؤن دیواکر اور ایڈوکیٹ سید عمران لنکا نے سڑک قوانین، شہریوں کے ذمہ داریوں اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے سر کی مہلک چوٹوں کا خطرہ 60 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ پی ایس آئی نوین نے اس موقع پر حاضرین سے ’’ہیلمٹ آن، سیفٹی آن‘‘ کا عہد بھی لیا۔
پروگرام کے دوران درست ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے طلبہ میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے، تاکہ انہیں محفوظ ڈرائیونگ کی عملی ترغیب دی جا سکے۔
جناب عنایت اللہ شابندری اور جناب محمد محسن نے بھی اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔




