بنگلورو(فکروخبرنیوز) کرناٹک حکومت نے جاری سماجی، تعلیمی اور اقتصادی سروے کے سلسلے میں ریاست بھر کے تمام سرکاری اور امداد یافتہ اسکولوں میں 18 اکتوبر تک تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی صدارت میں ودھان سودھا میں منگل کو منعقدہ جائزہ میٹنگ کے بعد کیا گیا، جس میں سروے کی موجودہ پیش رفت اور تکمیل کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ سماجی، تعلیمی اور اقتصادی سروے جو 22 ستمبر کو شروع ہوا تھا، آج ختم ہونا تھا، تاہم کئی اضلاع میں یہ عمل مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں کوپل ضلع نے 97 فیصد کام مکمل کر لیا ہے، وہیں دکشن کنڑا سمیت کئی اضلاع میں سروے کی رفتار سست ہے۔
سدارامیا نے کہا کہ کمیشن اور محکمہ تعلیم کے درمیان مشاورت کے بعد اور اساتذہ و اراکین قانون ساز کونسل کی درخواستوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری اور امداد یافتہ اسکولوں میں 18 اکتوبر تک تعطیلات رہے گی تاکہ اساتذہ سروے کے عمل کو مکمل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ دوسری پی یو سی (II PUC) کے وسط مدتی امتحانات 12 اکتوبر سے شروع ہو رہے ہیں، اس لیے پی یو لیکچررز کو سروے ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
کرناٹک حکومت کی جانب سے جاری یہ سماجی و اقتصادی سروے ریاست میں ذات، تعلیم اور معاشی حالت سے متعلق تفصیلی معلومات جمع کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے، جس کے نتائج آئندہ پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کریں گے۔




