نقاب پوش خواتین ووٹروں کی شناخت لازمی بنائی جائے : بہار اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کی الیکشن کمیشن سے اپیل

پٹنہ: بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ووٹنگ کے دوران نقاب یا پردہ پہننے والی خواتین کی شناخت ان کے ووٹر کارڈ پر موجود تصاویر سے لازمی طور پر تصدیق کرے۔

ریاستی بی جے پی صدر دلیپ جیسوال نے ہفتہ کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی قیادت میں بہار کے دورے پر آئے کمیشن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی ہے کہ ’پردہ نشین‘ خواتین کی شناخت خواتین اہلکاروں کے ذریعے ان کے فوٹو آئی ڈی کارڈ سے ملائی جائے، تاکہ حقیقی ووٹر ہی ووٹ ڈال سکیں۔”

بی جے پی رہنما کے مطابق یہ اقدام ووٹنگ کے عمل کو شفاف بنانے اور فرضی ووٹوں کی روک تھام کے لیے ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کا وفد دو روزہ دورے پر بہار پہنچا ہے جہاں اس نے مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے ان کے مطالبات اور تجاویز سنی ہیں۔

دوسری جانب، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے بی جے پی کے مطالبے کو “سیاسی سازش” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ آر جے ڈی کے لوک سبھا میں پارلیمانی لیڈر ابھے کُشواہا نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی الیکشن کمیشن کے ساتھ ملاقات کو “اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے” کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ “یہ ایک سیاسی چال ہے۔ ابھی حال ہی میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی (Special Intensive Revision) مکمل ہوئی ہے اور نئے ای پی آئی سی کارڈز تازہ تصاویر کے ساتھ جاری کیے جا رہے ہیں۔ ووٹروں کی شناخت کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔”

بی جے پی نے اس موقع پر یہ بھی تجویز دی کہ ریاست میں انتخابات کو ایک یا دو مرحلوں میں مکمل کر لیا جائے تاکہ اخراجات میں کمی آئے اور سرکاری کام کاج متاثر نہ ہو۔

قابلِ ذکر ہے کہ بہار اسمبلی کی 243 نشستوں کی مدت 22 نومبر 2025 کو ختم ہو رہی ہے، لہٰذا آئینی تقاضوں کے مطابق الیکشن کمیشن کو اس تاریخ سے قبل انتخابی عمل مکمل کرنا ہوگا۔

کنیرا مسلم خلیج کونسل کے نئے عہدیداران ، محمد غوث خلیفہ صدر اور ابومحمد مختصر سکریٹری جنرل منتخب

یوپی: انتظامیہ کے رویہ سے دلبرداشتہ سشیل شرما نے اسلام قبول کیا، مسجد سے نکلتے ہی پولیس کا ایکشن