سماجی اور تعلیمی سروے میں حصہ نہ لینے پرتین اساتذہ معطل

اُڈپی : اُڈپی ضلع انتظامیہ نے کرناٹک ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کی جانب سے جاری سماجی و تعلیمی سروے میں شمار کنندگان کے طور پر ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے پر تین اساتذہ کو معطل کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوروپ ٹی کے کی جانب سے جمعہ کو جاری حکم کے مطابق معطل ہونے والوں میں اننا کدو کے گورنمنٹ ہائی اسکول کی دو ٹیچرز، سریکھا اور رتنا، اور اڈیوارہ کے گورنمنٹ پری یونیورسٹی کالج کی لکچرر پربھا بی شامل ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اساتذہ کو شمار کنندگان کے طور پر مقرر کیا گیا تھا لیکن متعدد بار فون پر رابطہ کرنے اور تقرری کے احکامات ملنے کے باوجود انہوں نے سروے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا۔ وضاحت طلب کرنے کے لیے نوٹس بھیجے جانے کے باوجود وہ کوئی اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام رہیں۔

غفلت اور سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کو بنیاد بناتے ہوئے تینوں اساتذہ کو 4 اکتوبر سے معطل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ سماجی و تعلیمی سروے میں کسی بھی شمار کنندہ کی غفلت یا عدم تعاون کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسرائیل کی ساکھ بچانے کے لیے امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو لاکھوں ڈالرز کی ادائیگی

سنبھل میں مسجد انہدام کو روکنے کا مطالبہ مسترد، الہ آباد ہائی کورٹ کا سماعت سے انکار