ایئر انڈیا ایکسپریس کی دبئی۔منگلورو پرواز دو ہفتوں میں دوسری بار بنگلورو کی طرف موڑ دی گئی ، مسافروں نے جتایا اعتراض

منگلورو : ایئر انڈیا ایکسپریس کی دبئی سے منگلورو آنے والی پرواز IX-814 کو 27 ستمبر کو اچانک بنگلورو کی جانب موڑ دیا گیا، جس پر مسافروں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ مسافروں کے مطابق یہ دو ہفتوں کے اندر دوسرا واقعہ ہے جب ایئر لائن کی پرواز کو منگلورو کے بجائے بنگلورو اتارا گیا۔

مسافروں نے بتایا کہ فلائٹ وقت پر دبئی سے روانہ ہوئی تھی اور دوپہر کے بعد منگلورو پہنچنا تھا تاہم اچانک اسے بنگلورو اتار دیا گیا۔ مسافر فواز نے کہا کہ پرواز کا رخ موڑنے کی کوئی مناسب اطلاع نہیں دی گئی۔ لینڈنگ کے بعد ہمیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آگے کب اور کیسے منزل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جبکہ بچوں اور بزرگوں کو سب سے زیادہ پریشانی ہوئی۔ ایک اور مسافر رفیق نے کہا کہ غیر متوقع لینڈنگ کے بعد ہم سب نے سوچا کہ کوئی مسئلہ پیش آیا ہے لیکن بنگلورو ایئرپورٹ پر ہمیں واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

اس سے قبل 17 ستمبر کو بھی دبئی سے آنے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز IX-832 کو اسی طرح بنگلورو کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔ مسافروں نے اس دن بھی کئی گھنٹے انتظار کے بعد شام کو اپنی اپنی منزل پہنچ گیے تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر بنگلورو ہوائی اڈے پر عملے سے تاخیر کی وجوہات پوچھ رہے ہیں اور بروقت معلومات نہ دینے پر ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے ایئر انڈیا ایکسپریس کے ترجمان نے کہا کہ 27 ستمبر کو خراب موسم کے باعث پرواز کو بنگلورو موڑنا پڑا۔ موسم میں بہتری آنے کے بعد پرواز نے تاخیر سے منگلورو کے لیے اڑان بھری۔ تاخیر کے دوران مسافروں کو ریفریشمنٹ فراہم کی گئی اور ہم اس تکلیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں جو ہمارے قابو سے باہر حالات کی وجہ سے پیش آئی۔

بھٹکل مسلم ایسوسی ایشن ریاض کا ملن 2025ڈاکٹر خورشید اور عبد السمیع کولا کو ایوارڈ ، مختلف پروگرام پیش

نارا لوکیش کی ٹویٹ پر کھرگے کا سخت ردعمل ، طنزیہ سوال نے سب کو چونکا دیا