کرناٹک میں ڈینگی اور چکن گونیا کے کیسز میں اضافہ، بنگلورو سب سے زیادہ متاثر

بنگلورو (فکروخبر نیوز) ریاست کرناٹک میں موسم کی اچانک تبدیلی ،کبھی بارش، کبھی گرمی اور کبھی سردی نے عوام کے لیے نئی مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس غیر متوازن موسم کے باعث ڈینگی اور چکن گونیا جیسی ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ریاست بھر میں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 5,000  سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ چکن گونیا کے تقریباً 1,000 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ صرف دارالحکومت بنگلورو میں ہی 2,478 ڈینگی اور 120 چکن گونیا کے کیسز درج کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایڈیس ایجپٹائی مچھر کے ٹھہرے ہوئے پانی میں افزائش پانے کے سبب انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ طبی ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر مسلسل بخار، شدید سر درد، جسم اور جوڑوں میں درد، متلی، قے، آنکھوں کے پیچھے درد یا گلٹیوں میں سوجن جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔

مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں کے ساتھ ساتھ وائرل بخار، کھانسی، نزلہ، اسہال اور سانس کی شکایات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسپتالوں کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (OPD) میں بخار سے متعلق معاملات میں تقریباً 15 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ گھروں اور اطراف کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی جمع نہ ہونے دیں، صرف ابلا ہوا پانی استعمال کریں اور غذائیت سے بھرپور خوراک aکو معمول بنائیں تاکہ جسم کی قوت مدافعت بڑھ سکے۔

نارا لوکیش کی ٹویٹ پر کھرگے کا سخت ردعمل ، طنزیہ سوال نے سب کو چونکا دیا

کیا گاندھی جی کے اصول دور حاضر میں بھی کارآمد ہیں؟