مخالفین کے دعؤوں کے درمیان وزیر اعلیٰ کی دو ٹوک : میں پانچ سالہ مدت پوری کروں گا

میسورو : کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بدھ کے روز دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ اپنی پوری پانچ سالہ میعاد مکمل کریں گے۔

ان کا یہ بیان کانگریس کے کچھ لیڈروں، خصوصاً کنیگل کے ایم ایل اے ایچ ڈی رنگناتھ کے اس مطالبے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کو ریاست کا اگلا وزیر اعلیٰ بنایا جانا چاہیے۔

سدارامیا نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ ’’میں پوری پانچ سالہ میعاد کے لیے وزیر اعلیٰ رہوں گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ آئندہ سال میسورو میں ہونے والی شاہی دسہرا تقریبات کے دوران روایتی  پشپرچنا (پھولوں کی نذر) کی رسم خود ادا کریں گے۔ روایت کے مطابق شاہی دسہرا میں یہ عمل وزیر اعلیٰ ہی انجام دیتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے فیصلے کے پابند ہیں۔ ان کے الفاظ میں: ’’ہائی کمان جو بھی فیصلہ کرے، ہمیں اس پر عمل کرنا ہوگا۔‘‘

شکتی اسکیم نے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، خواتین کو جاری کیے گئے 500 کروڑ مفت ٹکٹ

دہلی کے سرکاری اسکولوں میں آر ایس ایس  کے تعلق سے نصاب میں نئے ابواب شامل