بھٹکل (فکرو خبر نیوز) عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے لیے کرناٹک اسٹیٹ پولیس نے "منّے منّے گے پولیس” (ہر گھر پولیس) کے عنوان سے ایک اہم بیداری مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ مہم اس وقت ضلع اترکنڑا میں پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپَن ایم این کی قیادت میں جاری ہے۔
ریاست گیر سطح پر شروع کی گئی اس عوام دوست پہل کا مقصد پولیس کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنا اور شہریوں کے ساتھ تعاون پر مبنی ماحول پیدا کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت متعلقہ علاقوں کے بیٹ کانسٹیبل گھر گھر جاکر عوام سے ملاقات کر رہے ہیں اور مختلف اہم موضوعات پر رہنمائی فراہم کر رہے ہیں، جن میں
خواتین و بچوں کی حفاظت
سڑک کے قواعد اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون سے گریز
سائبر کرائم کے بارے میں آگاہی
منشیات اور جوا کھیلنے کے نقصانات
ہراسانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دینے کے طریقے
پولیس اہلکار گھروں کا دورہ کرتے وقت سربراہِ خاندان کا نام، موبائل نمبر اور پتہ جیسی بنیادی معلومات بھی جمع کر رہے ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں بروقت رابطہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں شہریوں سے تعاون کی پُرزور اپیل کی گئی ہے۔
منشیات کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ایس پی دیپن ایم این نے ایک جدید سہولت بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت شہریوں کو ایک کیو آر کوڈ فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے لوگ منشیات کے استعمال یا اس کی ترسیل میں ملوث افراد کی اطلاع خفیہ طور پر دے سکتے ہیں۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ مخبر کی شناخت مکمل طور پر محفوظ رکھی جائے گی۔
مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل نے اس مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے بھٹکل اور اطراف کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عوام دوست قدم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ تنظیم کے بیان کے مطابق: "یہ ایک بروقت اور اہم اقدام ہے جو ہمارے معاشرے کو زیادہ محفوظ اور باشعور بنانے میں مددگار ہوگا۔ ہم سب کو پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔”
پولیس حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم میں فعال طور پر شامل ہوں، اپنی شکایات اور خدشات پیش کریں اور ایک محفوظ، منشیات سے پاک اور باعزت معاشرے کی تعمیر میں حصہ دار بنیں۔




