بنگلورو : کرناٹک ہائی کورٹ نے جمعرات کو جاری سماجی اور تعلیمی سروے، جسے عام طور پر "ذات کا سروے” کہا جاتا ہے، پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ اعداد و شمار کی مکمل رازداری کو یقینی بنایا جائے اور اس بات پر بھی زور دیا کہ سروے میں شمولیت لازمی نہیں بلکہ رضاکارانہ ہوگی۔
چیف جسٹس ویبھو بکھرو اور جسٹس سی ایم جوشی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ ہمیں جاری سروے کو روکنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ تاہم جمع کردہ ڈیٹا کسی کے سامنے ظاہر نہیں کیا جائے گا اور کرناٹک اسٹیٹ کمیشن برائے پسماندہ طبقات (KSCBC) اس بات کو یقینی بنائے کہ معلومات محفوظ اور خفیہ رہیں۔
عدالت نے کے ایس سی بی سی کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ عوام کے لیے واضح اطلاع جاری کرے کہ سروے مکمل طور پر رضاکارانہ ہے اور کوئی بھی شخص معلومات فراہم کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب ریاست بھر میں جاری سروے کو لے کر مختلف حلقوں میں خدشات اور تحفظات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔




