بیلتنگنڈی : بار بار جرائم میں ملوث افراد کے خلاف جاری کارروائی کے تحت بیلتنگنڈی پولیس نے اجیرے کے رہائشی مہیش شیٹی تھیمرودی کے خلاف ایک سال کے لیے ضلع بدر(برطرفی (Externment کا حکم نامہ جاری کروایا ہے۔ ملزم کے خلاف ضلع کے مختلف تھانوں میں 32 سے زائد مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیلتنگنڈی پولیس کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ پر پتور کی اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) محترمہ سٹیلا ورگیس نے 18 ستمبر کو کارروائی کرتے ہوئے مہیش شیٹی کو ضلع بدر کرنے کا حکم جاری کیا۔ اس حکم کے مطابق ملزم کو ایک سال کے لیے رائچور ضلع کے مانوی تعلقہ منتقل ہونا ہوگا۔
قانونی دفعات کے تحت جاری کردہ اس ایکسٹرنمنٹ آرڈر کا مقصد علاقے میں بڑھتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں کے سلسلے کو توڑنا اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہیش شیٹی کی موجودگی عوامی تحفظ کے لیے بڑا خطرہ سمجھی جا رہی تھی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی وائی ایس پی) بنٹوال سب ڈویژن اس حکم کو نافذ کرنے کے لیے آئندہ کارروائی انجام دیں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس طرح کے سخت اقدامات دیگر مجرموں کے لیے بھی ایک وارننگ ثابت ہوں گے۔




