کلبرگی (فکروخبرنیوز) کلبرگی ضلع کے معروف بینّےتور آبی ذخیرہ میں مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو کر اپنی 100 فیصد گنجائش تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ آبی وسائل کے مطابق ذخیرہ میں اس وقت 43 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ اندرونی طور پر جاری ہے، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر اخراج کو بڑھا کر 46 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا اور پانی کا بہاؤ مزید بڑھا تو ندی میں مزید پانی چھوڑا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں ندی کے دونوں کناروں پر واقع دیہات زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے، جس سے کسانوں کی فصلیں، مویشی اور مکانات سب متاثر ہو سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے مقامی عوام کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تاخیر اپنے اہلِ خانہ، مویشی اور قیمتی سامان کو لے کر محفوظ اور بلند مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہنگامی حالات کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں اور کشتیاں تیار رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے حالیہ سلسلے نے پورے کلبرگی ضلع کے ندی و نالوں میں پانی کی سطح کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا ہے۔ اگرچہ ذخیرہ کا بھر جانا پانی کی فراہمی کے لیے خوش آئند ہے لیکن اچانک بڑے پیمانے پر پانی چھوڑنے کی صورت میں قریبی دیہات کو شدید نقصانات اٹھانے پڑ سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے مقامی عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر ندی کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔



