بیلتنگڈی(فکروخبرنیوز) فیس بک پر پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف مبینہ توہین آمیز تبصرے سامنے آنے کے بعد بیلتنگڈی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ تبصرے وارتا بھارتی کے فیس بک پیج پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے کمنٹس سیکشن میں کیے گئے تھے۔
رپورٹ کا عنوان تھا: "بیلتنگڈی | بنگلے گڈے جنگل میں ایس آئی ٹی کی تلاش جاری ہے؛ دو مزید کھوپڑیاں ملیں”۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے "سناتانی سمہا” نامی اکاؤنٹ سے ایک صارف نے انتہائی جارحانہ اور توہین آمیز تبصرہ کیا، جس کے بعد ایک اور شخص جس کی شناخت چیتن ہوڈیٹی کے طور پر کی گئی ہے،نے بھی اسی نوعیت کا کمنٹ دہرایا۔
شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ یہ ریمارکس نہ صرف مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنے اور فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے کی کوشش کے مترادف ہیں۔
اس معاملے کو سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) بیلتنگڈی اسمبلی کے صدر اکبر بیلتنگڈی نے پولیس میں درج کرایا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مذکورہ افراد اور ان کے حامیوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
شکایت درج کرانے کے موقع پر ایس ڈی پی آئی اسمبلی کمیٹی کے اراکین اشرف کٹے، سلیم سنت کیرے، امتیاز جی کے، اور عارف کنٹینی بھی موجود تھے۔




