بہار اور کیرالہ کے بعد اب کرناٹک میں جلد شروع ہوگا ایس آئی آر

بنگلورو : بہار اور کیرالہ کے بعد اب کرناٹک میں بھی ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) کا عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔ یہ مشق ریاست میں 23 برس بعد ہونے والی ہے۔ اس سے قبل 2002 میں آخری بار ایس آئی آر کرایا گیا تھا۔

کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) وی انبوکمار نے بدھ کو پریس کانفرنس میں اس عمل کا خاکہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) گھر گھر جا کر ووٹروں کے شناختی کارڈ اور ریکارڈ کی جانچ کریں گے اور تضادات کی نشاندہی کے لیے 2002 کی فہرست کو 2025 کے مسودہ انتخابی فہرست سے موازنہ کریں گے۔

ان کے مطابق ہر گھرانے کو BLO دو فارم فراہم کریں گے جن میں سے ایک پر دستخط لے کر بطور تسلیم شدہ کاپی واپس کیا جائے گا۔ اگر گھر میں کوئی موجود نہ ہو تو BLO تین بار دورہ کریں گے اور پڑوسیوں کی مدد سے ووٹروں تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

جہاں ووٹر شناختی کارڈ پر تصویر واضح نہ ہو، وہاں نئی تصویر فراہم کرنا ہوگی۔ مزید برآں، ووٹر کو لازمی طور پر ایک شناختی دستاویز پیش کرنا ہوگی، جو ایک بار جمع کرانے کے بعد مستقبل میں دوبارہ نہیں مانگی جائے گی۔

نئے فوٹو اسکیننگ سسٹم کے ذریعے اگر کسی شخص کا نام دو جگہ درج ہوا تو فوراً کارروائی کی جائے گی، جبکہ جعلی یا نقل شدہ درخواستوں کی صورت میں فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔ انبوکمار نے کہا کہ اگر کسی کا نام اس عمل کے باوجود ووٹر لسٹ میں شامل نہ ہو تو وہ BLO کے دستخط شدہ فارم کے ذریعے بھی انتخاب میں حصہ لے سکتا ہے۔

سی ای او نے بتایا کہ منگل کو تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے میٹنگ کی گئی جس میں ایس آئی آر کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ سیاسی جماعتوں کو ہر بوتھ کے لیے اپنے ایجنٹ مقرر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کرناٹک میں 55 ہزار پولنگ بوتھ ہیں، جن کے لیے تقریباً 18 ہزار BLOs کو تعینات کیا جائے گا۔ ان میں اسکول اساتذہ اور آنگن واڑی کارکنان شامل ہوں گے۔

ابھی ایس آئی آر کی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، تاہم 23 ستمبر تک تمام تیاریاں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی خصوصی نظرثانی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ بہار میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کا عمل جاری ہے اور جعلی ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کیے جا رہے ہیں۔ وہاں حتمی انتخابی فہرست 30 ستمبر کو شائع کی جائے گی۔

کرناٹک : کسانوں کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات : 38,000 جھیلوں کی صفائی اور فصل نقصان کا معاوضہ دینے کا مطالبہ

بھٹکل : بچوں کی دینی واخلاقی تربیت کے لیے ابنائے جامعہ کا سات روزہ کورس ، 20 ستمبر سے ہورہا ہے آغاز