بھٹکل : بچوں کی دینی واخلاقی تربیت کے لیے ابنائے جامعہ کا سات روزہ کورس ، 20 ستمبر سے ہورہا ہے آغاز

بھٹکل(فکروخبرنیوز) اسکولوں کی چھٹیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ابنائے جامعہ ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبۂ تعلیم وتربیت کے زیر اہتمام اسکولز اور کالجز میں زیر تعلیم طلبا کو دینی و اخلاقی تربیت سے آراستہ کرنے کے لیے سات روزہ تعلیمی و تربیتی کورس  20 ستمبر 2025 ء تا 26 ستمبر 2025 ء  بروز سنیچر سے جمعہ تک شہر کے آٹھ محلوں میں صبح 10:30 بجے تا 12:30 بجے منعقد کیا جارہا ہے۔  اس بات کی جانکاری ابنائے جامعہ کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان آٹھ محلوں میں حنیف آباد ، مدینہ کالونی ، بدریہ کالونی ، آزاد نگر ، کارگدے ، جامع محلہ ،  بندر روڈ اور مخدوم کالونی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ کورس بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور دینی نشوونما کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو علمِ دین، سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی، قرآنی واقعات کی بصیرت اور عبادات کے عملی طریقے بہترین انداز میں سکھائے جائیں۔ کورس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ایک نصاب تیار کیا گیا ہے جس میں قرآنِ کریم کے اہم واقعات اور ان سے حاصل ہونے والے اسباق ، سیرتِ نبوی ﷺ کے منتخب اور سبق آموز واقعات ، عقائد اور فقہ کی بنیادی اور ضروری معلومات وغیرہ شامل ہیں ، اس کے علاوہ نماز اور وضو کی عملی مشق بھی کرائی جائے گی تاکہ بچے خود اعتمادی کے ساتھ اپنی عبادات کو ادا کرسکیں۔ اس کورس کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں روزانہ صرف پڑھائی ہی نہیں بلکہ بچوں کے لیے کھیل اور تفریح کا بھی موقع دیا جائے گا تاکہ وہ خوشی اور ذوق کے ساتھ سیکھ سکیں۔ اس کے ساتھ ہفتہ بھر کی محنت اور تعلیم کے بعد کورس کے اختتام پر بچوں کے لیے ایک تفریحی و تعلیمی پکنک کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ وہ خوشگوار ماحول میں علم و تربیت کا نتیجہ محسوس کر سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کورس نہ صرف بچوں کے علم میں اضافہ کرے گا بلکہ إن شاء اللہ ان کی دینی و اخلاقی زندگی پر بھی مثبت اثر ڈالے گا۔

انہوں نے تمام والدین و سرپرست حضرات سے گزارش ہے کہ وہ اپنے نونہالوں کو اس میں ضرور شریک کریں۔ چھٹیاں کھیل کود اور فضول مشغولیات میں گزارنے کے بجائے علمِ دین اور سیرتِ رسول ﷺ کے ساتھ گزریں تو یہ بچوں کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہوگا۔

مزید تفصیلات کے لیے رابطہ کریں: مولانا مستقیم محتشم ندوی ۔  7353307618، مولانا عبدالحفیظ خان ندوی ۔ 33196 81052  ، مولانا محمد حارث اکرمی ندوی ۔ 9945933927

رجسٹریشن کے لیے اس لنک پر کلک کریں

https://forms.gle/xd6BmxSQ7i1pqSCG6