محمد ﷺ انصاف کے علمبردار — جماعت اسلامی ہند کرناٹک کی اس بار کی مہم پورے کرناٹک میں ملت اور برادرانِ وطن کے درمیان بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ الحمد للہ اس کے خاطر خواہ اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ یہ ہماری دینی و ایمانی ذمہ داری ہے کہ ہم خود سیرت محمد ﷺ کا مطالعہ کریں، اس پر عمل کریں اور اس کی تعلیمات کو دنیا بھر میں عام کریں۔
اسی مناسبت سے بھٹکل کے پڑوسی علاقہ شیرور میں بھی اس مہم کے تعلق سے متعدد پروگرام منعقد ہوئے۔ سیرت مہم کا ابتدائی تعارفی پروگرام ۱۲؍ ربیع الاول جمعہ کے دن بعد نماز عصر نورانی مسجد میں منعقد ہوا، جس میں نذیر احمد قاضی نے مہم کا مکمل تعارف پیش کرتے ہوئے اس کام میں شریک ہونے کی ترغیب دلائی۔ اسی موقع پر سیرت کتاب کی رونمائی بھی عمل میں آئی۔
خواتین کے درمیان بھی پروگرام ہوا، جس میں محترمہ رخشندہ صاحبہ نے خطاب فرمایا۔ اسی طرح فیض الاسلام جامع مسجد اور سلمان مسجد کیسرکوڈی میں بعد نماز مغرب و عشاء ملت کے افراد کے لیے پروگرام منعقد ہوئے اور کنڑا زبان میں سیرت کتاب کی رونمائی کی گئی۔
اس کے علاوہ سب سے اہم کام کتابوں کی فرداً فرداً تقسیم کا رہا۔ گورنمنٹ اسکولوں اور دفاتر میں بھی کنڑا زبان کی سیرت کتابیں پہنچائی گئیں۔ لوگوں نے احترام وعقیدت کے ساتھ یہ کتابیں حاصل کیں، جبکہ ملت کے افراد نے بھی اپنی طرف سے کتابوں کی مزید تقسیم کا یقین دلایا۔ شیرور یونٹ میں افراد کی تعداد گنتی کیںہیں، لیکن ان کی محنت اور خلوص کے لیے وہ قابل مبارک باد ہیں ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے، انہیں اجرِ عظیم عطا کرے اور اس کے ذریعے ہدایت کا راستہ عام فرمائے۔ ہمیں بھی مل جل کر کام کرنے کی توفیق عطا کرے۔
اس مہم میں بالخصوص جناب عبد الحمید شیخ جی، جناب ناصر گنگاولی اور جناب عبد الرحمن نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اسی طرح دوسرے پروگراموں کے انعقاد میں مولانا اسمعیل امام فیض الاسلام مسجد، مولوی جاوید ندوی، امام سلمان مسجد، مولانا عبد العلیم ابدل ندوی اور وہاں کے صدر و سکریٹری وغیرہ کا بھی نمایاں تعاون رہا۔




