بنگلورو/کاروار (فکروخبر نیوز) کرناٹک میں حکمران جماعت کانگریس کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کاروار- انکولہ سے کانگریس کے ایم ایل اے ستیش کرشنا سیل کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ وہ 18 دنوں کے اندر گرفتار ہونے والے دوسرے کانگریس ایم ایل اے ہیں۔ اس سے قبل 23 اگست کو چتردرگا کے ایم ایل اے کے سی ویریندر کو بھی ای ڈی نے حراست میں لیا تھا۔
ای ڈی کے مطابق سیل پر بیلکیری بندرگاہ سے لوہے کی غیر قانونی برآمدات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اکتوبر 2024 میں ایک خصوصی عدالت نے انہیں اس معاملے میں مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی لیکن ہائی کورٹ میں اپیل زیر التوا ہونے کی وجہ سے انہیں رہائی ملی تھی۔
سیل منگل کو ای ڈی کے شانتی نگر دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے پیش ہوئے تھے، لیکن مبینہ طور پر تعاون نہ کرنے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں طبی معائنے کے بعد خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کی ایک دن کی تحویل ای ڈی کے حوالے کردی۔ ذرائع کے مطابق، انہیں بدھ کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ایجنسی مزید ریمانڈ کی درخواست کرے گی۔
ای ڈی نے 13 اور 14 اگست کو ایم ایل اے کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے تھے اور 1.68 کروڑ روپے نقد، 6.75 کلو سونا اور کئی اہم دستاویزات ضبط کی تھیں۔ ساتھ ہی، 14.13 کروڑ روپے کے بینک اکاؤنٹس کو بھی منجمد کیا گیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق سیل اور دیگر افراد کی جانب سے کی گئی غیر قانونی برآمدات کی کل مالیت 86.78 کروڑ روپے تھی۔
اس کیس کی تحقیقات کے تحت ای ڈی نے کاروار، گوا، ممبئی اور دہلی میں بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
دوسری جانب ای ڈی کے بنگلورو زونل آفس نے 6 ستمبر کو چتردرگا کے ایم ایل اے کے سی ویریندر کے احاطے پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں قیمتی سامان برآمد کیا۔
ای ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق، چھاپوں میں 21.43 کلوگرام وزنی 24 قیراط سونے کا بلین ، 10.985 کلوگرام وزنی سونے اور چاندی کی سلاخیں اور تقریباً 1 کلو سونے کے زیورات برآمد ہوئے، جن کی مالیت تقریباً 24 کروڑ روپے ہے۔
ای ڈی نے بتایا کہ غیر قانونی آن لائن سٹے بازی اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ "پروسیڈ آف کرائم” (PoC) کی مجموعی ضبطی اب تک 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔




