وزیراعلیٰ سدارامیا کی گاڑی پر سات ٹریفک خلاف ورزیاں

بنگلورو (فکروخبر نیوز) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کی گاڑی بھی ٹریفک قوانین سے مستثنیٰ نہیں رہی۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 2024 کے اوائل سے اب تک وزیراعلیٰ کے زیرِ استعمال ٹویوٹا انووا گاڑی پر سات الگ الگ ٹریفک خلاف ورزیوں کے معاملات درج کیے گئے ہیں۔

انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ITMS) کے تحت نصب ہائی ریزولوشن کیمروں کے ذریعے ان خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کیا گیا۔ چھ معاملات میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزی سامنے آئی، جبکہ ایک بار گاڑی مقررہ رفتار سے تیز ہونے پر جرمانہ عائد  کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے دفتر نے حال ہی میں ان خلاف ورزیوں کا 2500 روپے جرمانہ ادا کیا ہے۔ یہ ادائیگی ریاستی حکومت کی جانب سے جاری 50 فیصد جرمانہ معافی اسکیم کے تحت کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمات کو مکمل طور پر نمٹا دیا گیا ہے۔خلاف ورزیوں کی تفصیلات یہ ہیں۔

جنوری: اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر لیلا پیلس جنکشن پر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کا کیس۔

فروری اور اگست: اسی جنکشن پر مزید دو خلاف ورزیاں ریکارڈ۔

مارچ: چندریکا ہوٹل جنکشن پر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزی۔

اگست: شیوانند سرکل اور درش کمار مجسمہ جنکشن پر مزید کیس درج۔

جولائی: کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایکسپریس کوریڈور پر تیز رفتاری میں گاڑی پکڑی گئی

بنگلورو ٹریفک پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ مقدمات کو طریقہ کار کے مطابق نمٹایا گیا ہے، اور جرمانے کی ادائیگی کسی بھی دوسرے شہری کی طرح عمل میں آئی ہے۔

منڈیا کے مدور میں حالات کشیدہ ، پولیس کا لاٹھی چارج

بھٹکل: محمد منیب سعدا انجمن پی یو کالج کے نئے پرنسپل مقرر