منگلورو (فکروخبر نیوز): کم عمری میں گاڑی چلانا نہ صرف اپنی اور دوسروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنا ہے بلکہ قانون کے مطابق یہ ایک سنگین جرم بھی ہے۔ والدین اگر لاپرواہی سے نابالغ بچوں کو گاڑیاں تھما دیں تو اس کا خمیازہ سخت جرمانے اور قانونی کارروائی کی صورت میں بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ حال ہی میں منگلورو کے بجپے علاقے میں اسی طرح کے ایک واقعہ کے ضمن میں عدالت گاڑی مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔
25 اگست کی شام بجپے پولیس نے معمول کی جانچ کے دوران ایک اسکوٹر روکا۔ حیرت انگیز طور پر اسکوٹر ایک نابالغ لڑکا چلا رہا تھا جبکہ اس کے ساتھ دو دیگر افراد بھی سوار تھے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ یہ اسکوٹر بچے کو اس کے والدین نے دیا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر موٹر وہیکل ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور کیس عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے 3 ستمبر کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے مالک، یعنی نابالغ کے والدین، پر 27,500 روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا۔
والدین کو چاہیے کہ بچوں کے اصرار یا ضد میں آکر انہیں کسی بھی صورت میں دو پہیہ یا چار پہیہ گاڑی نہ دیں۔ صرف لائسنس یافتہ ڈرائیور ہی سڑک پر نکل سکتے ہیں، ورنہ قانون اپنا راستہ خود اختیار کرتا ہے۔




