لکھنٶ (فکرو خبر نیوز) سیرت کے مضامین کا یہ مجموعہ ہے جس میں سیرت النبیؐ کا عطر کشید کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ سیرت کے سیکڑوں صفحات کو چند صفحات میں پیش کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا ۔ خاص کر اسم محمدؐ کی جو تشریح کی گئی ہے وہ خاصے کی چیز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ناظم ندوۃ العلماء حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی نے *” ذکر مبارکؐ "* کے اجرا پر کیا۔ اجرا کی یہ محفل مہمان خانہ دار العلوم ندوة العلماء میں ہوٸی ۔ یہ کتاب مولانا عبد الرحمٰن نگرامی ندوی کے مضامین کا مجموعہ ہے جسے فرزند نگرام مولانا محمد فیضان نگرامی ندوی نے مرتب کر کے شایع کیا ہے ۔ مولانا عبدالرحمٰن نگرامی ندوی کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا بلال حسنی نے کہا کہ فارغین ندوۃ العلماء میں ایک تعداد ایسے علماء کی ہے جن سے بڑی توقعات وابستہ تھیں لیکن وہ کم عمری ہی میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ مولانا عبد الرحمٰن نے ستائیس سال کی عمر میں وہ کر دکھایا جو پختہ عمر کے لوگ بھی کم کر پاتے ہیں۔ کتاب کے اجرا کے بعد بھی حضرت ناظم صاحب دیر تک علماء نگرام اور ان کی خدمات کا تذکرہ کرتے رہے ۔ اس موقع پر دارالعلوم کے اساتذہ مولانا محمد مستقیم ندوی ، مولانا محمد وثیق ندوی ، مولانا محمد فرمان ندوی ، مولانا خالد باندوی ندوی ، مولانا محمد کلام الدین ندوی اور مرتب کتاب مولانا محمد فیضان نگرامی ندوی اور دیگر مہمانان کرام شریک ہوٸے ۔ ( رپورٹ: محمد نفیس خان ندوی)




