اسرائیلی فوج کا القسام ترجمان ابوعبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعوی

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تازہ فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا ہے۔ 
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ حملہ غزہ کی ایک رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر کیا گیا۔ تاہم اب تک اس کارروائی کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں اور نہ ہی حماس کی طرف سے
کوئی ردعمل سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ غزہ میں حماس کی ایک نمایاں شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائی ادرعی نے ’ایکس‘ پیغام میں لکھا کہ غزہ شہر کے شمالی حصے میں حماس کے ایک "مرکزی رکن” پر فضائی حملہ کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا ہدف القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ تھے اور ان کے مطابق 95 فیصد امکان ہے کہ یہ کارروائی کامیاب رہی ہے۔

اسرائیلی چینل 12 نے بتایا تھا کہ ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی تھیں اور ہفتہ کی شام ساڑھے 5 بجے یہ کارروائی انجام دی گئی۔
فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک ہی دن میں مزید 77 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 19 افراد وہ بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے۔ 
اس طرح 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 63 ہزار 371 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 59 ہزار 835 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے جہاں قحط اور بھوک کی وجہ سے مزید 10 فلسطینی دم توڑ گئے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی رکاوٹوں کے باعث امداد متاثر ہو رہی ہے، اور عالمی برادری سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ نے غزہ میں فوجی آپریشن کی توسیع کے باعث اسرائیلی حکام کو لندن میں ہونے والی دفاعی نمائش میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گندگی کے نزدیک رہنے سے انسانی ذہن بھی گندا ہوجاتا ہے

بھٹکل میں مچھلی مارکیٹ کا مسئلہ ۔۔۔ کیا وزیر منکال وئیدیا نے کیا بڑی مچھلی کا شکار ؟