اترا کنڑ ضلع میں مسلسل بارش اور محکمہ موسمیات کی جانب سے 18 اگست تا 20 اگست 2025 کے لیے جاری کردہ ریڈ الرٹ کے پیش نظر انتظامیہ نے بچوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعہ 34(m) کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے حکم نامہ جاری کیا ہے کہ 19 اگست 2025 (منگل) کو ضلع کے تمام تعلقہ جات بشمول کاروار، انکولہ، کمٹہ، ہوناور، بھٹکل، سرسی، سداپور، یلاپور، جوئیڈا اور ہلیال میں واقع آنگن واڑی مراکز، پرائمری و ہائی اسکولز اور پری یونیورسٹی کالجز بند رہیں گے۔
یہ فیصلہ ضلع کے تحصیلداروں، ڈپٹی ڈائریکٹرز برائے تعلیم اور ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی سفارشات اور خط و کتابت کے بعد کیا گیا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور چھٹی کے دن کو تعلیمی کیلنڈر میں بعد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ہندستانی محکمہ موسمیات اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر کی پیشین گوئی کے بعد ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، شمالی کنڑ (کاروار) نے آنے والے 48 گھنٹوں کے لئے ضلع کے ساحلی تعلقوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ یہ انتباہ 18 اگست کی صبح 8:30 بجے سے 20 اگست کی صبح 8:30 بجے تک نافذ رہے گا۔
ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ
لنگانامکی آبی ذخیرے میں مسلسل پانی کی آمد کی وجہ سے سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ آج دوپہر ایک بجے پانی کی سطح 1815.50 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ ذخیرے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1819.00 فٹ ہے۔ اس وقت ڈیم میں آمد 59,891 کیوسک سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق، اگر پانی کی آمد اسی رفتار سے جاری رہی تو ذخیرہ بہت جلد اپنی زیادہ سے زیادہ سطح تک پہنچ جائے گا۔ اسی باعث ڈیم کی حفاظت کے پیش نظر، 19 اگست کو صبح 10 بجے سے اضافی پانی چھوڑا جائے گا۔ اس اعلان کی تصدیق ریزروائر کے ایگزیکٹیو انجینئر نے کی ہے۔
عوام کے لئے احتیاطی ہدایات
ڈسٹرکٹ کلیکٹر و چیئرپرسن، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مسز لکشمی پریا (IAS) نے ضلع کے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ درج ذیل ہدایات پر عمل کریں:
لنگانامکی ذخیرے کے نشیبی علاقوں اور دریائے شراوتی کے کنارے واقع مقامات پر رہنے والے لوگ محتاط رہیں۔
نشیبی دیہات کے افراد قیمتی سامان کے ساتھ قریبی نگہداشت و نقل مکانی مراکز میں پناہ لیں۔
ماہی گیروں، سیاحوں اور عام شہریوں کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ دریا، ڈیم اور سمندر کے قریب جانے سے گریز کریں۔
سیلاب ممکنہ علاقوں میں عوامی بیداری مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔
ہنگامی رابطہ نمبر
کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں شہری درج ذیل نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں:
ٹول فری نمبر (24×7): 08382-229857
موبائل ہیلپ لائن: 9483511015
ضلع انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ تمام محکمے، بالخصوص پولیس، پنچایت، فشریز، ٹورزم، اور مویشی پروری کے عہدیداران الرٹ پر رہیں اور متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔



