پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق، 26 جون سے اب تک پاکستان بھر میں بارشوں سے متعلقہ واقعات میں 392 مردوں سمیت کم از کم 657 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 929 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مرنے والوں میں 171 بچے اور 94 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 437 مرد، 256 بچے اور 236 خواتین شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے نے کہا کہ یہ اموات موسلادھار مانسون بارشوں، تیز سیلاب اور متعلقہ خطرات کی وجہ سے ہوئیں۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ ان کی زیادہ توجہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کے کاموں کو تیز کرنے پر ہے اور وہ اس کے لیے صوبائی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 26 جون سے اب تک بارش سے متعلق واقعات میں 164 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ان میں بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ مرنے والوں میں 70 بچے، 63 مرد اور 31 خواتین شامل ہیں۔ صوبے میں 582 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان میں 225 مرد، 182 خواتین اور 175 بچے شامل ہیں
پاکستان کے زیر قبضہ گلگت بلتستان (POGB) میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان میں 18 مرد، 6 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں۔ جب کہ 31 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 27 مرد، تین بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔
وہیں سندھ میں 28 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 14 بچے، 10 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔ اس کے ساتھ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں، ان میں 27 بچے، 7 مرد اور 6 خواتین شامل ہیں۔


