بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکل مسلم جماعت دبئی (بی ایم جے ڈی) کے پچاس سال کی تکمیل پر مختلف پروگرامات منعقد کیے جارہے ہیں۔ بروز پیربعد عشاء اسی کی ایک کڑی حسن ہال ، رابطہ سوسائٹی بھٹکل میں اجلاس منعقد کیا گیا جس میں قاضی صاحبان، علماء ، مختلف اداروں کے ذمہ داران اور عمائدین موجود تھے۔ جماعت کی پچاس سالہ خدمات پر مشتمل مشہور شاعر جناب رحمت اللہ راہی کی کنوینر شپ میں فکروخبر کی ٹیم کی طرف سے تیار کردہ تفصیلی ڈاکومنٹری پیش کی گئی جس کو ہر دیکھنے والے سراہا اور جماعت کی تعلیمی ، سماجی اور مختلف میدانوں میں انجام دیئے جانے پر دل سے دعائیں دیں۔ ڈاکومنٹری میں جماعت کے مختلف شعبوں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا اور جماعت کے بانیان سے لے کر اس کے محسنین وغیرہ کا تذکرہ کیا گیا ہے۔الغرض ڈاکومنٹری کے ذریعہ جماعت کی خدمات کا احاطہ کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔
اس موقع پر مرکزی قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے اسلاف کی امانت کا حق ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے اسلاف کی امانت ہیں، اخلاص کے ساتھ اس کو صحیح طریقۂ کار پر لگایا تو ہم نے ان اداروں کا حق ادا کیا ورنہ ہم اللہ کے دربار میں خائن ٹہرائے جائیں گے۔
اس موقع پر قائد قوم مرحوم سید خلیل الرحمن سی اے کی حیات و خدمات پر مشتمل ایک کتاب ’’ڈاکٹر سید خلیل الرحمن ایس ایم مثالی قائد ، مخلص رہنما ’’ کا رسم اجرا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ،
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے اس موقع پر بھٹکل مسلم جماعت دبئی کی تاریخی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ ایسے اعمال کرے جس سے قوم کو فائدہ پہنچے اور مرنے کے بعد بھی اس کا اجر جاری رہے۔
مولانا نے اولاد کی دینی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف ڈاکٹر یا انجینیئر بنانا کافی نہیں، ان کی صحیح دینی بنیاد وں پر تربیت ہماری ذمہ داری ہے تاکہ ہماری نسلیں دین پر قائم رہیں ۔
اس موقع پر جماعت کے ذمہ داروں سمیت علمائے کرام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا
اس موقع پر معروف صحافی جناب آفتاب کولا نے بھٹکل مسلم جماعت دبئی کی گزشتہ پچاس برسوں پر محیط خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو ساتھ لے کر مزید مؤثر، منظم اور دیرپا منصوبہ بندی کی جائے، تاکہ آنے والے سالوں میں جماعت کی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسعت اختیار کرے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جماعت کو سن 2040 تک کے لیے ایک واضح وژن اور جامع حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے، تاکہ ادارہ اپنی خدمات کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکے۔
جلسے کی ایک خوشگوارکڑی معروف شاعر نجم حسن پرتاپ گڑھی کا کلام تھا، جنہوں اپنے مخصوص لب و لہجے میں دلنشین اور بامعنی شاعری پیش کی جس سے سامعین جھوم اٹھے۔
بتادیں کہ جلسہ میں مختلف اداروں کے ذمہ داران ، علمائے کرام اور عمائدین شہر عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے جلسہ کو کامیاب بنایا




