بیلگاوی: مسلم ہیڈ ماسٹر کا تبادلہ کرنے کی سازش بے نقاب : سری رام سینا کے افراد نے ملائی سرکاری اسکول کے پانی میں کیڑے مار دوا

بیلگاوی ضلع کے ساؤنڈتی تعلقہ میں واقع ایک سرکاری اسکول میں پانی میں کیڑے مار دوا ملانے کی سازش نے ریاست بھر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کا مقصد اسکول کے مسلمان ہیڈ ماسٹر کو بدنام کرنا اور ان کا تبادلہ کروانا تھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں شریرام سینا کے ساؤنڈتی تعلقہ صدر ساگرپاٹل سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق14 جولائی کو ہولی کٹے گاؤں کے جنتا کالونی میں واقع سرکاری پرائمری اسکول میں پانی پینے کے بعد کئی بچے، جن کی عمریں سات سے دس سال کے درمیان تھیں، اچانک بیمار پڑ گئے۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹرسلیمان گورنائک نے فوری طور پر ساؤنڈتی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس پر بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 110 اور 125 (اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اسکول میں زیر تعلیم ایک کم عمر لڑکے نے اسکول کے پانی کے ٹینک میں کیڑے مار دوا ملائی تھی، جسے کرشنا مدارا نامی شخص نے مبینہ طور پر چاکلیٹ اور رقم کا لالچ دے کر یہ کام کرنے پر اکسایا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مدارا، ساگرا پاٹل کا ڈرائیور ہے اور اسے بلیک میل کر کے اس سازش میں شامل کیا گیا تھا۔ ساگرا پاٹل نے اس سازش میں اپنے رشتہ دار ناگن گوڈا کو بھی شامل کیا تھا۔ پولیس نے تینوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

بیلگاوی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ بھیم شنکر گلڈ کے مطابق ساگرا پاٹل گزشتہ دو ماہ سے اس سازش کی منصوبہ بندی کر رہا تھا تاکہ ہیڈ ماسٹر سلیمان گورنائک کو بدنام کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو صرف آلہ کار کے طور پر استعمال کیا گیا، وہ خود اس سازش کی سنگینی سے لاعلم تھا۔

اس واقعے پر ریاست کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن یہ واقعہ مذہبی بنیاد پرستی کی گھناؤنی شکل کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا سری راما سینا کے صدر پرمود متھالک، بی جے پی ریاستی صدر بی وائی وجیندرا یا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوک اس واقعہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کریں گے؟

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ایسے واقعات اس زمین پر بدنما داغ ہیں جو ہمدردی، بھائی چارے کی علمبردار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔

دی کیرالہ اسٹوری کو فلم ایوارڈز : ایف ٹی آئی آئی کے طلبہ نے جاری کیا مذمتی بیان

بھٹکل : یاسین محتشم کے انتقال پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی جانب سے تعزیتی جلسہ