بھٹکل : تینگن گنڈی سمندر میں کشتی ڈوب گئی ، چار افراد لاپتہ ، دو کو بحفاظت ساحل پر پہنچایا گیا

بھٹکل (فکروخبر نیوز) تینگن گنڈی کے ساحل پر بدھ کی دوپہر پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک ایماہا ماہی گیری کشتی تیز لہروں کی زد میں آ کر ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں چار ماہی گیر لاپتہ ہو گئے ہیں، جبکہ دو کو مقامی ماہی گیروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت ساحل پر پہنچا دیا۔

تفصیلات کے مطابق، آج دوپہر قریب تین بجے چھ ماہی گیر ایک کشتی پر سوار ہو کر سمندر کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ جب وہ ندی اور سمندر کے سنگم کے قریب پہنچے تو اچانک بلند لہروں نے کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی۔ کشتی الٹنے کے ساتھ ہی چار ماہی گیر سمندر میں لاپتہ ہو گئے، جبکہ باقی دو کو ساحل پر موجود افراد نے ایک اور کشتی کے ذریعے بچا لیا۔

امدادی کارروائیوں کے دوران بچائے گئے دونوں افراد کو فوری طور پر بھٹکل کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی اطلاع پھیلتے ہی تینگن گنڈی ساحل پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوگئی ۔ مقامی ماہی گیر اور رضاکار لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ سرکاری امدادی ٹیموں کو بھی اطلاع دی گئی ہے۔

حادثے کا شکار ماہی گیروں کا تعلق شیرالی کے اڈویکوڑی علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے رات بھر آپریشن جاری رہنے کی توقع ہے۔

بی ایم جے ڈی کا جشنِ پنّاس : بھٹکل میں یکم اگست کو منعقد ہوگی شاندار تقریب

وزیراعظم کہہ دیں کہ ٹرمپ نے جھوٹ کہا : راہل گاندھی کا وزیراعظم کو چیلنج