بھٹکل : سو سالہ قدیم ادارہ انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کا سالانہ اجلاسِ عام انجمن کے ایڈمسٹریٹیو بلاک میں آج صبح منعقد ہوا جس میں سالانہ رپورٹ اور مالیاتی تفصیلات پیش کی گئی ۔ ساتھ ہی ساتھ تعلیمی ترقی پر خصوصی توجہ دینے اور تنخواہوں پر نظرِ ثانی کے لیے عام اراکین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔
صدر انجمن جناب یونس قاضیا نے کئی سارے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اردو زبان کو نظر انداز نہیں کررہے ہے۔ انجمن نے تمام اسکولوں میں اردو کو لازمی قرار دیا ہے اور دینیات کے کلاسس بھی باقاعدہ طور پرچل رہے ہیں۔ انہوں نے کئی اہم باتوں کی طرف عام ممبران کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا مستقبل قریب میں انجمن کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انجمن تکیہ پرائمری اسکول کے بند کیے جانے کے سلسلہ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بی ای او کے بار بار نوٹس جاری کرنے کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہاں کے طلبہ کو انجمن پرائمری انگلش میڈیم اسکول اور انجمن نور پرائمری اسکول منتقل کیا گیا تاکہ ان کی تعلیمی سلسلہ جاری رہ سکے۔ انجمن گرلز ہائی اسکول میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گیے ہیں اور رات کے اوقات میں بنیادی اسلامی تعلیمات سکھانے کا اہمتام بھی کیا گیا ہے۔
جنرل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری نے تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ہمہ جہتی تعاون کی طرف ممبران کی توجہ مبذول کرائی اور تمام حاضرین کی بڑی تعداد میں شرکت پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
اجلاس کا آغاز مولانا ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی کی تلاوت اور تفسیرِ قرآن سے ہوا اور شکریہ کلمات نائب صدرِ دوم ڈاکٹر زبیر کولا نے پیش کیے۔




