بھٹکل (فکروخبرنیوز) نائطی زبان و ادب کے تحفظ اور ترویج کے لیے سرگرم تنظیم نوائط محفل کی جانب سے بچوں کے لیے ایک منفرد آن لائن نوائطی گیت مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر سے نائطی زبان بولنے والے بچے اور بچیاں حصہ لے سکتے ہیں۔
بچوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پسند کا کوئی بھی نوائطی گیت گھر پر ویڈیو ریکارڈ کریں اور وہاٹس ایپ نمبر 9742389007 یا 9448729384 پر 4 اگست کی رات 9 بجے (انڈین وقت) سے قبل ارسال کریں۔
مقابلے کے لیے عمر کی حد بھی مقرر کی گئی ہے: لڑکوں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 15 سال اور لڑکیوں کے لیے 10 سال رکھی گئی ہے۔ ویڈیو مرحلے کے لیے گیت زبانی یاد ہونا ضروری نہیں، تاہم فائنل راونڈ میں شریک ہونے والے بچوں کو اسٹیج پر بغیر پرچے کے گیت پیش کرنا لازمی ہوگا
نوائط محفل کے ذمہ داران کے مطابق موصول ہونے والی تمام ویڈیوز کی جانچ کے بعد لڑکوں اور لڑکیوں دونوں گروپوں سے دس دس شرکاء فائنل راونڈ کے لیے منتخب کیے جائیں گے۔ یہ مرحلہ 16 اگست کو بھٹکل میں منعقد ہوگا، جس میں ہر بچے کو پانچ منٹ کے اندر اپنی گیت پیش کرنی ہوگی۔
نوائط محفل کے سرپرست جناب جان عبدالرحمن نے وضاحت کی کہ خواہ بچہ امریکہ، خلیجی ممالک یا بھارت کے کسی بھی علاقے میں مقیم ہو، اگر وہ نائطی زبان جانتا ہے تو اس مقابلے میں شرکت کر سکتا ہے۔ تاہم فائنل راونڈ کے لیے منتخب بچوں کو بھٹکل آکر اسٹیج پر ذاتی طور پر پرفارم کرنا ہوگا۔
مقابلے کے انعقاد کے لیے نوائط محفل کی طرف سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے کنوینر نوفل دامودی ہوں گے۔
فائنل راونڈ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو اول، دوم اور سوم انعامات دیے جائیں گے، جب کہ منتخب شدہ تمام ویڈیوز کو نوائط محفل کے یوٹیوب چینل پر نشر کیا جائے گا۔




