بھٹکل سمیت ساحلی علاقوں میں نہ تھمنے والا بارش کا سلسلہ ، 25 جولائی تک ریڈ الرٹ

بھٹکل(فکروخبرنیوز) شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں آج شام ہوتے ہی ایک بار پھر طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، جو تیز ہواؤں کے ساتھ مسلسل جاری ہے۔ محکمۂ موسمیات (IMD) نے علاقے کے لیے 25 جولائی بروز جمعہ تک "ریڈ الرٹ” جاری کیا ہے، جبکہ 27 جولائی تک بھاری بارش اور سمندری طوفانی ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسمی ماہرین کے مطابق، بحیرہ عرب میں بننے والے کم دباؤ کے نظام کے باعث تیز ہوائیں چلنے کا قوی امکان ہے، جو سمندری حالات کو مزید خطرناک بنا سکتی ہیں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور زمین کھسکنے (landslides) جیسے خطرات کو بھی جنم دے سکتی ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش، تیز ہواؤں یا آسمانی بجلی کے دوران گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ عمارتوں میں پناہ لیں۔ بچوں، بزرگوں اور کھلے میدانوں میں کام کرنے والے افراد کو خاص طور پر احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔ کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بیرونی زرعی سرگرمیوں سے گریز کریں تاکہ ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں، پرانے درختوں اور کمزور عمارتوں کے قریب جانے سے بچیں۔ اگر ممکن ہو تو ایسے درختوں کی شاخیں یا چھتوں پر پھیلی ہوئی بیلیں جو خطرہ بن سکتی ہیں، پہلے سے ہٹا دی جائیں۔ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ ایسے مقامات پر رہنے والے افراد کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ مقامی تحصیلدار یا گرام پنچایت کے ذمہ داروں سے فوری رابطہ کریں اور ضرورت پڑنے پر قریبی امدادی مراکز میں منتقل ہو جائیں۔

انڈیانا ہسپتال مینگلور میں پہلی بار Valve-in-Valve TAVR  کے ذریعہ مریضوں کا کامیاب علاج

نصاب میں تبدیلی کے دفاع میں اب اترے موہن بھاگوت، کھرگے کا شدید ردعمل