نئی دہلی: امریکہ کی پاکستان سے بڑھتی قربت کے بیچ بھارت اور چین کے درمیان تعلقات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں حکومت ہند نے پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد چینی شہریوں کو سیاحتی ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چینی شہریوں کو سیاحتی ویزوں کے اجراء کا کام 24 جولائی یعنی جمعرات سے شروع ہو جائے گا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ 2020 میں گلوان وادی میں فوجی تصادم کے بعد تعلقات خراب ہوگئے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی چل رہی تھی۔ لیکن دونوں ممالک کی سفارتی کوششوں کے بعد تعلقات پر پڑی برف تیزی سے پگھل رہی ہے۔
اس سلسلے میں چین میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر ویزا کے لیے اپلائی کرنے کے عمل کے بارے میں جانکاری دی ہیں۔ غور طلب ہے کہ اس سال کے شروع میں دونوں ممالک نے اصولی طور پر براہ راست پروازیں شروع کرنے، ویزا جاری کرنے کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے علاوہ بھارتی یاتریوں کو کیلاش مانسروور جانے کی اجازت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
بھارتی سفارت خانے نے ویزا کے حصول کا طریقہ کار بتایا
بھارتی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ "24 جولائی 2025 سے چینی شہری بھارت جانے کے لیے سیاحتی ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کے لیے انہیں پہلے ویب لنک پر آن لائن ویزا درخواست فارم بھرنا ہوگا، پھر اس کا پرنٹ آؤٹ لینا ہوگا، اور پھر ویب لنک پر ہی اپوائنٹمنٹ لینا ہوگا۔ اس کے بعد بھارتی ویزا سینٹر پر پرنٹ شدہ درخواست کو جمع کرنا ہوگا، ویزا درخواست کے ساتھ پاسپورٹ اور دیگر متعلقہ دستاویزات بھی جمع کرنا ہوگا۔
گلوبل ٹائمز نے بھی شیئر کی جانکاری
چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے لکھا کہ چینی شہری اب بھارت جانے کے لیے سیاحتی ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ چینی شہری درخواست دینے کے لیے بیجنگ، شنگھائی اور گوانگزو میں ہندوستانی ویزا درخواست مراکز سے رابطہ کر سکتے ہیں، اپوائنمنٹ کا وقت لے سکتے ہیں اور ویزا کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے اپنا پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کر سکتے ہیں۔
خارجہ سیکرٹری وکرم مسری کے دورہ چین کے بعد پیش رفت
یہ اعلان بھارتی خارجہ سیکرٹری وکرم مسری کے دو روزہ بیجنگ دورے کے بعد کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ (MEA) کے مطابق یہ دورہ گذشتہ سال اکتوبر میں کازان میں پی ایم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے دوران اتفاق رائے کے بعد کیا گیا ہے۔ اس دورے کے دوران مسری اور چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور تعلقات کو مستحکم اور بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

